جاپان اور وینزویلا میں شدید زلزلے، بڑے پیمانے پر نقصان
وینزویلا میں دو طاقتور زلزلوں کے بعد ایمرجنسی نافذ، بڑے جانی نقصان کا خدشہ؛ جاپان میں بھی شدید جھٹکے محسوس کیے گئے۔
کاراکاس/ٹوکیو: جنوبی امریکہ کے ملک وینزویلا اور مشرقی ایشیا کے ملک جاپان میں آنے والے شدید زلزلوں نے دنیا بھر میں تشویش کی لہر دوڑا دی ہے۔ سب سے زیادہ متاثرہ ملک وینزویلا بتایا جا رہا ہے، جہاں چند لمحوں کے وقفے سے دو انتہائی طاقتور زلزلے ریکارڈ کیے گئے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق پہلے زلزلے کی شدت 7.2 جب کہ دوسرے کی 7.5 تھی، جس کے نتیجے میں متعدد عمارتیں زمین بوس ہو گئیں اور مختلف علاقوں میں شدید نقصان کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔دارالحکومت کاراکاس سمیت کئی شہروں میں لوگ خوف کے عالم میں گھروں اور دفاتر سے باہر نکل آئے۔ بعض رہائشی عمارتوں، تجارتی مراکز اور بنیادی ڈھانچے کو نقصان پہنچنے کی اطلاعات ہیں جبکہ امدادی ٹیمیں ملبے تلے دبے افراد کی تلاش میں مصروف ہیں۔ایک خبر کے مطابق ہزار سے زائد افراد کے ہلاک ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ وینزویلا کی عبوری صدر ڈیلسی روڈریگیز نے ملک میں ہنگامی حالت نافذ کرتے ہوئے تمام سرکاری اداروں کو فوری امدادی سرگرمیاں تیز کرنے کی ہدایت دی ہے۔

امریکی جیولوجیکل سروے (USGS) نے خبردار کیا ہے کہ زلزلے کی شدت اور متاثرہ علاقوں کی نوعیت کو دیکھتے ہوئے جانی نقصان بہت زیادہ ہو سکتا ہے۔ بعض ابتدائی تخمینوں میں اموات کی تعداد ہزاروں تک پہنچنے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے، تاہم حکام کی جانب سے ابھی تک کسی حتمی سرکاری تعداد کی تصدیق نہیں کی گئی۔دوسری جانب جاپان کے شمالی ساحلی علاقے کے قریب بھی 6.9 سے 7.2 شدت کے درمیان ایک طاقتور زلزلہ محسوس کیا گیا۔ اس کے جھٹکے دور دراز علاقوں اور دارالحکومت ٹوکیو تک محسوس کیے گئے۔ جاپانی حکام کے مطابق فی الحال کسی بڑے جانی نقصان یا تباہی کی اطلاع نہیں ملی، جبکہ سونامی کی کوئی وارننگ بھی جاری نہیں کی گئی۔
امریکی حکومت نے وینزویلا کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے امدادی تعاون کی پیشکش کی ہے۔

عالمی ادارے اور مختلف ممالک بھی متاثرین کی مدد کے لیے صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ متاثرہ علاقوں میں آفٹر شاکس کا سلسلہ جاری رہ سکتا ہے، اس لیے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ ریسکیو ادارے مسلسل امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں اور مزید تفصیلات سامنے آنے کا انتظار کیا جا رہا ہے۔






