کاکروچ جنتا پارٹی سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل، نوجوان متحرک
چیف جسٹس کے بیان کے بعد “کاکروچ جنتا پارٹی” سوشل میڈیا پر وائرل، لاکھوں نوجوان مہم اور رکنیت میں شامل۔
بھارت میں سوشل میڈیا پر ان دنوں کاکروچ جنتا پارٹی کے نام سے ایک غیر معمولی آن لائن مہم تیزی سے مقبول ہو رہی ہے۔ اس مہم نے اُس وقت زور پکڑا جب سپریم کورٹ کے چیف جسٹس جسٹس سوریہ کانت کے ایک بیان کو لے کر نوجوانوں میں بحث چھڑ گئی۔ سوشل میڈیا صارفین کا کہنا ہے کہ چیف جسٹس نے نظام پر تنقید کرنے والے نوجوانوں کے لیے سخت الفاظ استعمال کیے، جس کے بعد انٹرنیٹ پر طنزیہ انداز میں کاکروچ جنتا پارٹی کے نام سے ایک مہم شروع کر دی گئی۔چند ہی دنوں میں اس مہم نے حیران کن مقبولیت حاصل کر لی۔ انسٹاگرام پر بنائے گئے اس کے آفیشل ہینڈل کے فالوورز کی تعداد تیزی سے بڑھتی گئی اور صرف چار دن کے اندر یہ تعداد ایک کروڑ اٹھارہ لاکھ سے تجاوز کر گئی۔ ایکس سمیت مختلف پلیٹ فارمز پر بھی اس مہم سے متعلق ہیش ٹیگز اور میمز بڑے پیمانے پر شیئر کیے جا رہے ہیں۔
انٹرنیٹ پر اس نام سے ایک ویب سائٹ بھی سامنے آ چکی ہے جہاں لوگوں کے لیے رکنیت حاصل کرنے کا آپشن موجود ہے۔ اطلاعات کے مطابق لاکھوں سے زائد افراد ویب سائٹ پر اپنی رجسٹریشن کرا چکے ہیں۔ ویب سائٹ پر اس مہم کے بانی اور رابطہ کار کے طور پر ابھیجیت دیپکے کا نام درج ہے۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ابھیجیت دیپکے نے بتایا کہ انہیں اس مہم کا خیال اُس وقت آیا جب وہ چیف جسٹس کا بیان سوشل میڈیا پر دیکھ رہے تھے۔ ان کے مطابق نوجوانوں اور ناقدین کے بارے میں استعمال کیے گئے الفاظ نے انہیں یہ مہم شروع کرنے پر آمادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا آج نوجوانوں کے اظہارِ رائے کا سب سے بڑا پلیٹ فارم بن چکا ہے اور لوگ طنز و مزاح کے ذریعے اپنے جذبات کا اظہار کر رہے ہیں۔
سیاسی مبصرین کا ماننا ہے کہ یہ مہم محض ایک مذاق یا میم کلچر تک محدود نہیں رہی بلکہ یہ نوجوانوں کے ردِعمل اور ڈیجیٹل احتجاج کی نئی مثال بنتی جا رہی ہے۔ سوشل میڈیا پر کاکروچ فوج اور کاکروچ جنتا پارٹی جیسے الفاظ تیزی سے وائرل ہو رہے ہیں، جب کہ کئی لوگ اسے موجودہ سیاسی اور سماجی ماحول پر طنز قرار دے رہے ہیں۔





