ٹی ایم سی کے کانگریس میں انضمام کی خبروں پر وضاحت
ٹی ایم سی کے کانگریس میں انضمام کی خبریں بے بنیاد قرار، کانگریس نے کہا ملاقات صرف انڈیا اتحاد کو مضبوط بنانے کے لیے ہوئی تھی۔
نئی دہلی: ترنمول کانگریس (ٹی ایم سی) اور کانگریس کے ممکنہ انضمام سے متعلق گردش کرنے والی خبروں پر کانگریس نے واضح موقف اختیار کرتے ہوئے ان دعوؤں کو حقیقت سے دور قرار دیا ہے۔ پارٹی قیادت کا کہنا ہے کہ دونوں جماعتوں کے درمیان اس نوعیت کی کوئی بات چیت نہیں ہوئی اور نہ ہی اس حوالے سے کوئی باضابطہ تجویز زیر غور ہے۔کانگریس کے جنرل سیکریٹری (تنظیم) کے سی وینوگوپال نے ایک پریس کانفرنس کے دوران میڈیا میں سامنے آنے والی ان خبروں پر ردِ عمل دیتے ہوئے کہا کہ کانگریس اور ترنمول کانگریس کے انضمام سے متعلق جو قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں، ان کی کوئی بنیاد نہیں ہے۔ ان کے مطابق حال ہی میں مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی اور ترنمول کانگریس کے رہنما ابھیشیک بنرجی کی کانگریس کی سینئر قیادت سونیا گاندھی اور راہل گاندھی سے ملاقات ضرور ہوئی تھی، تاہم اس ملاقات کا مقصد صرف اپوزیشن اتحاد ’انڈیا‘ کو مزید مضبوط بنانے کے امکانات پر تبادلۂ خیال کرنا تھا۔
وینوگوپال نے کہا کہ ملاقات کے دوران مختلف سیاسی امور پر گفتگو ہوئی، لیکن دونوں جماعتوں کے انضمام یا تنظیمی سطح پر کسی نئی سیاسی ساخت کے قیام پر کوئی بات نہیں ہوئی۔ انہوں نے اس موقع پر یہ بھی یاد دلایا کہ کانگریس کے سینئر رہنما جے رام رمیش اس معاملے پر پہلے ہی وضاحت پیش کر چکے ہیں۔دوسری جانب جے رام رمیش نے بھی سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں ان خبروں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ بعض ذرائع ابلاغ میں سونیا گاندھی اور ممتا بنرجی کی ملاقات کو لے کر جو دعوے کیے جا رہے ہیں، وہ درست نہیں ہیں۔ ان کے مطابق دونوں رہنماؤں کے درمیان خوشگوار ماحول میں ملاقات ہوئی تھی، جس میں سیاسی موضوعات کے ساتھ ساتھ باہمی تعلقات اور دیگر نجی معاملات پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
کانگریس کے مطابق حالیہ دنوں میں مختلف ریاستوں، خصوصاً مدھیہ پردیش سمیت بعض دیگر علاقوں میں پیش آنے والی سیاسی سرگرمیوں اور اپوزیشن جماعتوں کے درمیان بہتر تال میل کی ضرورت کے پیش نظر یہ ملاقات اہم سمجھی جا رہی تھی۔ پارٹی کا کہنا ہے کہ اس ملاقات کو انضمام کی کوششوں سے جوڑنا محض قیاس آرائی ہے، جبکہ اصل توجہ اپوزیشن اتحاد کو مؤثر اور مضبوط بنانے پر مرکوز ہے۔





