پوتن کا اتر پردیش طوفانی تباہی پر بھارت سے اظہارِ افسوس
روسی صدر ولادیمیر پوتن نے اتر پردیش طوفان میں 111 ہلاکتوں پر بھارت سے تعزیت، زخمیوں کیلئے نیک خواہشات ظاہر کیں۔
روسی صدر ولادیمیر پوتن نے اتر پردیش میں آنے والے شدید آندھی طوفان اور موسلا دھار بارش سے ہونے والی جانی و مالی تباہی پر بھارت کی صدر دروپدی مرمو اور وزیر اعظم نریندر مودی کو تعزیتی پیغام بھیجا ہے۔ روسی وزارتِ خارجہ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اس کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ روسی صدر نے اس قدرتی آفت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔اپنے پیغام میں ولادیمیر پوتن نے کہا کہ اتر پردیش میں چکر دار طوفان، تیز آندھی اور بارش کے باعث ہونے والی قیمتی انسانی جانوں کے نقصان اور بڑے پیمانے پر تباہی پر انہیں شدید افسوس ہے۔ انہوں نے متاثرہ خاندانوں سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحت یابی کی بھی خواہش کی۔
اتر پردیش حکومت کے محکمۂ آفات کے اسپیشل ڈیوٹی افسر منوج کمار کے مطابق بدھ کے روز ریاست کے مختلف اضلاع میں اچانک آنے والے شدید طوفان، بارش اور آسمانی بجلی کے واقعات میں کم از کم 111 افراد جان کی بازی ہار گئے۔ حکام کے مطابق سب سے زیادہ اموات وارانسی، پریاگ راج اور کانپور ڈویژن میں رپورٹ کی گئی ہیں۔سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پریاگ راج میں 21 افراد ہلاک ہوئے جب کہ مرزاپور میں 19، سنت روی داس نگر میں 16 اور فتح پور میں 11 لوگوں کی موت واقع ہوئی۔ امدادی اداروں کا کہنا ہے کہ بیشتر حادثات دیواریں اور درخت گرنے کے سبب پیش آئے، جن کے نیچے دب کر لوگ جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ علاوہ ازیں چار افراد آسمانی بجلی گرنے سے بھی ہلاک ہوئے۔
ریاستی ریلیف کمشنر ہریشیکیش بھاسکر نے بتایا کہ اس قدرتی آفت میں 52 افراد زخمی ہوئے ہیں جبکہ تقریباً 130 مویشی بھی ہلاک ہوئے۔ اس کے علاوہ کم از کم 98 مکانات کو جزوی یا مکمل نقصان پہنچا ہے۔محکمۂ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کے دباؤ اور مقامی موسمی نظام کے باعث ریاست کے کئی علاقوں میں تیز بارش اور طوفانی ہوائیں چلیں۔ محکمہ نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران بھی بعض اضلاع میں خراب موسم کی پیش گوئی کرتے ہوئے شہریوں کو احتیاط برتنے کی ہدایت دی ہے۔ انتظامیہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ خراب موسم کے دوران کھلے میدانوں، بجلی کے کھمبوں اور درختوں کے قریب جانے سے گریز کریں اور کسی بھی ہنگامی صورت حال میں فوری طور پر مقامی ہیلپ لائن سے رابطہ کریں۔





