ممتا بنرجی کا ای ڈی پر سنگین الزام، سیاسی سازش کا دعویٰ
ای ڈی کے چھاپے پر ممتا بنرجی کا الزام، ترنمول کانگریس کے حساس ڈیٹا اور دستاویزات ضبط کرنے کی سیاسی کوشش قرار دی۔
مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے جمعرات کے روز انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) پر سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ مرکزی ایجنسی کے افسران نے آئی پیک (انڈین پولیٹیکل ایکشن کمیٹی) کے سربراہ پرتیک جین کے گھر پر تلاشی کے دوران ترنمول کانگریس سے متعلق حساس اور خفیہ معلومات ضبط کرنے کی کوشش کی۔ممتا بنرجی کے مطابق ای ڈی کی یہ کارروائی محض ایک قانونی جانچ نہیں بلکہ مکمل طور پر سیاسی محرکات پر مبنی اور آئینی دائرے سے باہر ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ ای ڈی کے افسران نے تلاشی کے دوران پارٹی کی ہارڈ ڈسک، اندرونی دستاویزات، امیدواروں کی فہرست، موبائل فونز اور انتخابی حکمتِ عملی سے متعلق اہم مواد اپنے قبضے میں لینے کی کوشش کی۔
وزیر اعلیٰ نے سوال اٹھایا کہ کیا انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کا کام اب سیاسی جماعتوں کا ڈیٹا اکٹھا کرنا رہ گیا ہے؟ انہوں نے مرکزی حکومت اور خاص طور پر بھارتیہ جنتا پارٹی کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ مرکزی ایجنسیاں اپوزیشن جماعتوں کو ہراساں کرنے کے لیے استعمال کی جا رہی ہیں۔ممتا بنرجی نے یہ الزامات کولکاتا کے لاؤڈن اسٹریٹ علاقے میں واقع پرتیک جین کی رہائش گاہ کے باہر میڈیا سے گفتگو کے دوران لگائے، جہاں جمعرات کی صبح سے ای ڈی کی تلاشی کارروائی جاری تھی۔ ان کے مطابق پرتیک جین ترنمول کانگریس کے آئی ٹی اور انتخابی نظم و نسق سے جڑے اہم امور سنبھالتے ہیں، اس لیے پارٹی کے حساس ڈیٹا کو نشانہ بنانا ایک سوچی سمجھی سازش کا حصہ ہے۔نیوز ایجنسی پی ٹی آئی کے مطابق تاحال یہ واضح نہیں ہو سکا کہ ای ڈی کس معاملے میں یہ تلاشی لے رہی ہے اور اس کارروائی کا پس منظر کیا ہے۔ خبر لکھے جانے تک نہ تو انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ اور نہ ہی آئی پیک کی جانب سے کوئی باضابطہ بیان جاری کیا گیا تھا۔
سیاسی مبصرین کا کہنا ہے کہ آنے والے دنوں میں اس معاملے پر سیاسی تنازع مزید شدت اختیار کر سکتا ہے، کیونکہ ترنمول کانگریس اسے جمہوریت اور وفاقی ڈھانچے پر حملہ قرار دے رہی ہے، جبکہ مرکزی ایجنسیاں اکثر ایسی کارروائیوں کو قانون کے دائرے میں بتاتی ہیں۔





