خبرنامہ

بدعنوانی کے الزامات پر مغربی بنگال میں بڑا کریک ڈاؤن شروع

مغربی بنگال حکومت نے ریاست میں گزشتہ برسوں کے دوران مختلف سرکاری محکموں میں مبینہ بدعنوانی اور اختیارات کے غلط استعمال کے الزامات کی جانچ کے لیے ایک خصوصی تحقیقاتی کمیشن تشکیل دے دیا ہے۔ حکومت کا کہنا ہے کہ اس کمیشن کا مقصد عوامی شکایات اور مختلف منصوبوں سے متعلق سامنے آنے والے الزامات کی غیر جانبدارانہ چھان بین کرنا ہے تاکہ حقائق واضح ہو سکیں اور مستقبل میں شفاف طرزِ حکمرانی کو یقینی بنایا جا سکے۔ریاستی حکومت کی جانب سے جاری کیے گئے سرکاری نوٹیفکیشن کے مطابق اس کمیشن کی سربراہی کلکتہ ہائی کورٹ کے ریٹائرڈ جج جسٹس وشواجیت باسو کریں گے۔ کمیشن سال 2011 سے لے کر مئی 2026 تک مختلف محکموں کے کام کا جائزہ لے گا۔ ان میں محکمہ تعلیم، خوراک و رسد، راحت و آفات سے نمٹنے کا محکمہ، بلدیاتی ادارے، پنچایت، ہاؤسنگ اور ماہی پروری جیسے اہم شعبے شامل ہیں۔
سرکاری ذرائع کے مطابق کمیشن کو ان الزامات کی جانچ کا اختیار دیا گیا ہے جن میں رشوت ستانی، سرکاری منصوبوں میں بے ضابطگیاں، امدادی رقوم کی تقسیم میں مبینہ کرپشن، سو دن روزگار اسکیم میں مالی بے قاعدگیاں، مڈ ڈے میل پروگرام میں مبینہ خرد برد، سرکاری ملازمتوں میں تقرری کے دوران بدعنوانی اور اختیارات کے ناجائز استعمال جیسے معاملات شامل ہیں۔اس کے علاوہ کمیشن اس بات کا بھی جائزہ لے گا کہ آیا کسی مرحلے پر غیر قانونی گرفتاریاں، جھوٹے مقدمات کے اندراج یا غیر مجاز تعمیرات میں سرکاری اہلکاروں کا کوئی کردار رہا ہے یا نہیں۔ حکومت کا کہنا ہے کہ اگر کسی معاملے میں شواہد ملتے ہیں تو کمیشن متعلقہ افراد کو طلب کر کے ان کا بیان ریکارڈ کر سکتا ہے۔
کمیشن کے رکن سیکریٹری کے طور پر ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل سطح کے آئی پی ایس افسر کے کے جے رامن کو مقرر کیا گیا ہے، جبکہ ایک آئی اے ایس اور ریاستی انتظامی سروس کے ایک سینئر افسر کو بھی کمیشن کا حصہ بنایا گیا ہے تاکہ تحقیقات کو انتظامی اور قانونی دونوں پہلوؤں سے مؤثر بنایا جا سکے۔سرکاری حکام کے مطابق اگر تحقیقات کے دوران کسی معاملے میں ابتدائی شواہد سامنے آتے ہیں تو کمیشن پولیس کو ایف آئی آر درج کرنے کی سفارش بھی کر سکتا ہے۔ تاہم وہ مقدمات جو پہلے ہی مرکزی تحقیقاتی ایجنسیوں کے زیرِ تفتیش ہیں، ان کی جانچ اس کمیشن کے دائرۂ اختیار میں شامل نہیں ہوگی۔ کمیشن اپنی پیش رفت اور نتائج پر مبنی رپورٹ وقتاً فوقتاً ریاستی حکومت کو پیش کرتا رہے گا۔
حکومت کا مؤقف ہے کہ ریاستی انتظامیہ بدعنوانی کے خلاف سخت رویہ اختیار کیے ہوئے ہے اور شفاف حکمرانی کو اپنی ترجیح قرار دیتی ہے۔ اسی پالیسی کے تحت یہ کمیشن تشکیل دیا گیا ہے تاکہ عوامی اعتماد کو مضبوط کیا جا سکے اور اگر کسی بھی سطح پر بے ضابطگی ثابت ہوتی ہے تو قانون کے مطابق مناسب کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔

admin@alnoortimes.in

About Author

Leave a comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

You may also like

خبرنامہ

لاس اینجلس میں جنگل کی آگ سے بڑے پیمانے پر تباہی، اموات کی تعداد 24ہوئی، امدادی کوششیں جاری

امریکہ کی ریاست کیلی فورنیا کے شہر لا اینجلس میں ایک ہفتے سے لگی بھیانک آگ مزید 8 جانیں نگل
خبرنامہ

چین کبھی بھی امریکہ کو پیچھے نہیں چھوڑ سکتا

واشنگٹن(ایجنسیاں) صدر بائیڈن نے پیر کو خارجہ پالیسی پر اپنی آخری تقریر میں بڑا دعویٰ کیا۔ انھوں نے اپنی تقریر