ٹی ای ٹی پرچہ لیک، لاکھوں امیدواروں کو بڑا جھٹکا، امتحان ملتوی
مہاراشٹرا ٹی ای ٹی کا پرچہ مبینہ طور پر لیک ہونے پر امتحان ملتوی، پولیس نے ملزمان گرفتار کرکے تحقیقات کا دائرہ وسیع کیا۔
مہاراشٹرا ٹیچرز ایلیجیبلٹی ٹیسٹ (Maha-TET) کا 28 جون 2026 کو منعقد ہونے والا امتحان مبینہ طور پر پرچہ لیک ہونے کے بعد اچانک ملتوی کر دیا گیا ہے۔ مہاراشٹرا اسٹیٹ کونسل آف ایگزامینیشنز (MSCE) نے امتحانی نظام کی شفافیت، ساکھ اور امیدواروں کے مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ ہنگامی فیصلہ کیا۔ کونسل کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ نئے امتحانی شیڈول کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔اطلاعات کے مطابق تھانے ضلع کے بھیونڈی علاقے میں پولیس کو خفیہ اطلاع موصول ہوئی تھی کہ کچھ افراد امتحانی سوالات کی غیر قانونی خرید و فروخت میں ملوث ہیں۔ اطلاع ملتے ہی پولیس نے ایک مخصوص مقام پر چھاپہ مار کارروائی کی، جہاں سے متعدد مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا۔ کارروائی کے دوران امتحانی سوالات، اہم دستاویزات اور دیگر مشتبہ مواد بھی برآمد کیا گیا۔
بعد ازاں مہاراشٹرا اسٹیٹ کونسل آف ایگزامینیشنز کے سینئر حکام نے برآمد شدہ سوالات کا جائزہ لیا۔ ابتدائی تفتیش میں معلوم ہوا کہ یہ سوالات اتوار کو ہونے والے اصل Maha-TET امتحان کے پرچے سے کافی حد تک مماثلت رکھتے ہیں۔ اس انکشاف کے بعد امتحانی عمل کی شفافیت برقرار رکھنے اور کسی بھی ممکنہ بے ضابطگی سے بچنے کے لیے کونسل نے فوری طور پر امتحان ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا۔
واضح رہے کہ ریاست بھر کے 1,028 امتحانی مراکز پر لاکھوں امیدوار اس امتحان میں شرکت کرنے والے تھے۔ امتحان کے اچانک ملتوی ہونے سے امیدواروں میں شدید مایوسی، بے چینی اور ذہنی دباؤ پیدا ہوا ہے، کیونکہ بیشتر امیدوار کئی ماہ سے اس امتحان کی تیاری میں مصروف تھے اور مختلف شہروں سے امتحانی مراکز تک پہنچنے کے لیے پہلے ہی سفری انتظامات کر چکے تھے۔ادھر پولیس نے بھیونڈی تھانے میں مجرمانہ مقدمہ درج کر کے گرفتار افراد سے پوچھ گچھ شروع کر دی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ پرچہ لیک کرنے والے پورے نیٹ ورک کا سراغ لگایا جا رہا ہے اور اگر مزید افراد کے ملوث ہونے کے شواہد ملے تو ان کے خلاف بھی سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ کونسل نے امیدواروں سے اپیل کی ہے کہ وہ صرف سرکاری اعلانات پر اعتماد کریں، جبکہ نئے امتحانی شیڈول کا اعلان مناسب وقت پر کیا جائے گا۔






