22 ممالک کا ایران کو انتباہ، بیرونِ ملک کارروائیاں بند کرے۔
22 ممالک نے ایران پر بیرونِ ملک مبینہ حملوں اور دھمکیوں کی سرپرستی کا الزام لگایا، ایران نے تمام الزامات مسترد کر دیے۔
امریکہ، برطانیہ اور متعدد یورپی ممالک سمیت 22 ممالک نے ایک مشترکہ اعلامیہ جاری کرتے ہوئے ایران پر زور دیا ہے کہ وہ ان ممالک کی سرزمین پر افراد کو نشانہ بنانے، خوف و ہراس پھیلانے اور مبینہ خفیہ کارروائیوں کی حمایت سے باز رہے۔ مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ کسی بھی ملک کے اندر قتل، اغوا، دھمکی یا دیگر پرتشدد سرگرمیوں کی کوشش بین الاقوامی قوانین اور ریاستی خودمختاری کے اصولوں کے منافی ہے۔اعلامیے میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ایرانی سکیورٹی ادارے بعض اوقات بیرونِ ملک اپنے مقاصد کے حصول کے لیے مقامی اور بین الاقوامی مجرمانہ نیٹ ورکس سے فائدہ اٹھاتے ہیں۔ بیان کے مطابق یورپ، شمالی امریکہ اور آسٹریلیا میں بعض مبینہ منصوبوں کے پیچھے ایسے عناصر کے کردار پر تشویش پائی جاتی ہے جو ایران کے حامی سمجھے جاتے ہیں۔
مشترکہ بیان میں ان واقعات کا بھی حوالہ دیا گیا جن میں یہودی برادریوں، ایرانی نژاد صحافیوں اور بعض امریکی صحافیوں کو نشانہ بنائے جانے کے الزامات سامنے آئے۔ بعض حملوں کی ذمہ داری ایک گروہ ’’حرکت اصحاب الیمین الاسلامیہ‘‘ نے قبول کی تھی، جسے مغربی ممالک ایران نواز تنظیم قرار دیتے ہیں۔رپورٹس کے مطابق مذکورہ گروہ نے لندن کے علاقے گولڈرز گرین میں واقع عبادت گاہوں اور کمیونٹی مراکز میں آتشزدگی کے متعدد واقعات کی ذمہ داری بھی قبول کی تھی۔ گولڈرز گرین کو برطانیہ میں یہودی آبادی کے ایک اہم مرکز کے طور پر جانا جاتا ہے۔ اسی طرح بیلجیئم اور نیدرلینڈز میں پیش آنے والے چند حملوں اور دھماکوں کا تعلق بھی اسی گروہ سے جوڑا گیا ہے۔
دوسری جانب ایران نے ان تمام الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس کا ایسے واقعات سے کوئی تعلق نہیں۔ لندن میں یہودی مراکز کے خلاف حملوں کے بعد ایرانی سفارت خانے نے اپنے ردعمل میں کہا تھا کہ ایران ہر قسم کے یہود دشمن رویوں کی مخالفت کرتا ہے اور برطانوی حکام اب تک ان الزامات کے حق میں کوئی قابلِ اعتماد ثبوت فراہم نہیں کر سکے۔یہ مشترکہ اعلامیہ امریکہ، برطانیہ، کینیڈا، فرانس، جرمنی، آسٹریلیا، بیلجیئم، نیدرلینڈز، سویڈن، ناروے اور دیگر یورپی ممالک سمیت مجموعی طور پر 22 ممالک کی جانب سے جاری کیا گیا ہے، جنہوں نے ایسے تمام اقدامات کے فوری خاتمے کا مطالبہ کیا ہے۔





