وائٹ ہاؤس کے قریب فائرنگ، حملہ آور ہلاک، ایک شہری زخمی
وائٹ ہاؤس کے قریب فائرنگ میں حملہ آور مارا گیا، ایک شہری زخمی ہوا، جبکہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ محفوظ رہے۔
امریکہ کے دارالحکومت واشنگٹن میں وائٹ ہاؤس کے قریب پیش آنے والے فائرنگ کے ایک واقعے نے سیکیورٹی اداروں کو ہائی الرٹ کر دیا۔ واقعے میں ایک راہگیر زخمی ہوگیا جب کہ فائرنگ کرنے والا مشتبہ شخص سیکیورٹی اہلکاروں کی جوابی کارروائی میں مارا گیا۔ اس وقت امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ وائٹ ہاؤس کے اندر موجود تھے، تاہم حکام کے مطابق ان کی حفاظت کو کوئی خطرہ لاحق نہیں ہوا اور نہ ہی سرکاری سرگرمیوں میں کوئی رکاوٹ آئی۔عینی شاہدین اور میڈیا رپورٹس کے مطابق شام تقریباً چھ بجے وائٹ ہاؤس کے اطراف اچانک کئی گولیوں کی آوازیں سنائی دیں، جس کے بعد علاقے میں بھگدڑ مچ گئی۔ متعدد صحافی بھی اس وقت وائٹ ہاؤس کے قریب موجود تھے جنہوں نے فائرنگ کی تصدیق کی۔ بعد ازاں امریکی سیکریٹ سروس نے ایک بیان میں بتایا کہ 17ویں اسٹریٹ اور پینسلوینیا ایونیو کے نزدیک ایک شخص نے اپنے بیگ سے اسلحہ نکالا اور فائرنگ شروع کر دی۔
بیان کے مطابق سیکریٹ سروس کے اہلکاروں نے فوری ردِعمل دیتے ہوئے جوابی فائرنگ کی، جس میں حملہ آور شدید زخمی ہوگیا۔ اسے فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا لیکن وہ جانبر نہ ہوسکا۔ فائرنگ کے دوران ایک عام شہری بھی گولی لگنے سے زخمی ہوا، جسے طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ حکام نے بتایا کہ کسی سیکریٹ سروس اہلکار کو نقصان نہیں پہنچا۔امریکی میڈیا ادارے سی بی ایس نیوز کے مطابق واقعے کے دوران 15 سے 30 گولیاں چلنے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔ ابتدائی تحقیقات سے اندازہ لگایا جا رہا ہے کہ حملہ آور نے سیکیورٹی اہلکاروں کے قریب پہنچ کر انہیں نشانہ بنانے کی کوشش کی، تاہم وہ اپنے مقصد میں کامیاب نہیں ہوسکا۔
دوسری جانب کاش پٹیل نے کہا ہے کہ واقعے کی مکمل تحقیقات جاری ہیں اور تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ امریکی صدر کی جانب سے تاحال اس واقعے پر کوئی باضابطہ بیان سامنے نہیں آیا۔





