راہل گاندھی کا منریگا مخالف بل کے خلاف سخت احتجاج کا اعلان
راہل گاندھی نے منریگا مخالف مجوزہ بل کو عوام دشمن قرار دیتے ہوئے پارلیمنٹ اور سڑکوں پر مخالفت کا اعلان کیا۔
بھارت کی پارلیمنٹ لوک سبھا میں قائدِ حزبِ اختلاف اور کانگریس کے سینئر رہنما راہل گاندھی نے حکومت کے مجوزہ بل ’’ترقی یافتہ بھارت ۔ گارنٹی برائے روزگار و ذریعۂ معاش (دیہی)‘‘ المعروف وی بی-جی رام جی بل کی سخت مخالفت کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ وہ اس بل کے خلاف سڑک سے لے کر پارلیمنٹ تک آواز بلند کریں گے۔راہل گاندھی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک طویل بیان میں اس بل کو عوام دشمن قرار دیا اور کہا کہ یہ مہاتما گاندھی کے نظریات کی کھلی توہین ہے۔ انہوں نے وزیر اعظم نریندر مودی پر تنقید کرتے ہوئے لکھا کہ مودی جی کو دو چیزوں سے شدید نفرت ہے، ایک مہاتما گاندھی کے خیالات اور دوسرا غریبوں کے بنیادی حقوق۔
راہل گاندھی کے مطابق مہاتما گاندھی قومی دیہی روزگار ضمانتی اسکیم (منریگا) گاندھی جی کے گرام سوراج کے تصور کی عملی مثال ہے۔ یہ اسکیم دیہی بھارت کے کروڑوں خاندانوں کے لیے سہارا بنی رہی ہے اور خاص طور پر کووڈ-19 وبا کے دوران اس نے ایک مضبوط معاشی تحفظ فراہم کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس کے باوجود مودی حکومت شروع سے ہی اس اسکیم کو کمزور کرنے کی کوشش کرتی رہی ہے اور اب اسے مکمل طور پر ختم کرنے کے درپے ہے۔راہل گاندھی نے وضاحت کی کہ منریگا تین بنیادی اصولوں پر قائم تھی۔ پہلا روزگار کا حق، یعنی جو شخص کام مانگے اسے روزگار فراہم کیا جائے۔ دوسرا، دیہات کو اپنے ترقیاتی کاموں کے فیصلے خود کرنے کا اختیار۔ اور تیسرا مرکز کی جانب سے مکمل مزدوری اور 75 فیصد سامان کی لاگت کی ذمے داری۔
انہوں نے الزام لگایا کہ نئی اسکیم کے ذریعے حکومت منریگا کو ایک مرکزی کنٹرول کے آلے میں تبدیل کرنا چاہتی ہے۔ بجٹ منصوبہ بندی اور قواعد مرکز طے کرے گا، جبکہ ریاستی حکومتوں کو 40 فیصد خرچ اٹھانے پر مجبور کیا جائے گا۔ اس کے نتیجے میں فنڈز کی کمی، فصلوں کے موسم میں کام نہ ملنا اور مزدوروں کو مہینوں تک روزگار سے محرومی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔راہل گاندھی نے مزید کہا کہ پہلے ہی بے روزگاری کے باعث نوجوانوں کا مستقبل داؤ پر لگا ہوا ہے اور اب حکومت غریب دیہی خاندانوں کے محفوظ ذریعۂ معاش کو بھی نشانہ بنا رہی ہے۔ ان کے مطابق یہ بل دیہی بھارت کے لیے نقصان دہ ہے اور کانگریس اس کے خلاف ہر سطح پر جدوجہد کرے گی۔





