خبرنامہ

اڑیشہ راجیہ سبھاالیکشن میں مبینہ رشوت،کانگریس کابی جے پی پر بڑاالزام

بھارت میں راجیہ سبھا کے آئندہ انتخابات سے قبل ایک نیا سیاسی تنازع سامنے آ گیا ہے۔ کرناٹک کے نائب وزیر اعلیٰ اور ریاستی کانگریس کے صدر ڈی کے شیوکمار نے الزام لگایا ہے کہ اڑیشہ کے کانگریس کے نو ارکانِ اسمبلی کو بی جے پی کے حق میں ووٹ دینے کے لیے رشوت کی پیشکش کی گئی۔میڈیا رپورٹس کے مطابق راجیہ سبھا انتخابات میں کراس ووٹنگ کے خدشات کے بعد کانگریس نے تین دن پہلے اڑیشہ کے ان نو ارکانِ اسمبلی اور ریاستی کانگریس کے صدر بھکت داس کو بھونیشور سے بنگلورو منتقل کر دیا تھا۔ دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ رشوت دینے کی کوشش اتوار کی صبح بنگلورو۔میسور ہائی وے پر واقع ایک ریزورٹ میں کی گئی۔
ڈی کے شیوکمار کے مطابق صبح تقریباً دس بجے چار افراد ایک کانگریسی ایم ایل اے کے پاس پہنچے۔ ان لوگوں نے مبینہ طور پر سریش نامی شخص کی مدد سے ریزورٹ میں کمرہ بک کیا تھا۔ شیوکمار نے الزام لگایا کہ ان افراد نے ایک خالی چیک دکھا کر ایم ایل اے کو پانچ کروڑ روپے دینے کی پیشکش کی اور کہا کہ وہ راجیہ سبھا انتخابات میں بی جے پی کے امیدوار کے حق میں ووٹ دیں۔اس واقعے کے بعد رام نگر پولیس حرکت میں آئی اور چار میں سے دو افراد کو گرفتار کر لیا، جب کہ دو دیگر فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ ایک سینئر پولیس افسر کے مطابق گرفتار شدگان میں ایک شخص اڑیشہ اور دوسرا کرناٹک سے تعلق رکھتا ہے اور دونوں سے تفتیش جاری ہے۔
پولیس نے اس معاملے میں بھارتیہ نیائے سنہتا کی دفعہ 173 اور پریوینشن آف کرپشن ایکٹ کی دفعہ 7 اے کے تحت مقدمہ درج کیا ہے۔ یہ دفعات کسی سرکاری نمائندے کو غیر قانونی طریقے سے متاثر کرنے یا رشوت دینے کی کوشش سے متعلق ہیں۔ذرائع کے مطابق کانگریس نے احتیاطی اقدام کے طور پر اپنے ارکانِ اسمبلی اور اڑیشہ کے پانچ دیگر رہنماؤں کو بنگلورو ایئرپورٹ کے قریب ایک فائیو اسٹار ہوٹل میں منتقل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ یہ فیصلہ آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے صدر ملیکارجن کھرگے سے ملاقات کے بعد کیا گیا۔ منصوبہ ہے کہ پیر کی صبح ان رہنماؤں کو واپس بھونیشور لے جایا جائے گا۔
اڑیشہ اسمبلی کی کل نشستیں 147 ہیں اور راجیہ سبھا کے لیے ہر امیدوار کو جیتنے کے لیے کم از کم 30 ترجیحی ووٹ درکار ہوتے ہیں۔ موجودہ صورتحال میں بی جے پی نے تین جب کہ بیجو جنتا دل (بی جے ڈی) نے دو امیدوار میدان میں اتارے ہیں، جس کے باعث مقابلہ مزید دلچسپ ہو گیا ہے۔سیاسی درجہ حرارت اس وقت مزید بڑھ گیا جب سابق وزیر اعلیٰ نوین پٹنائک نے بھی بی جے پی پر ہارس ٹریڈنگ کی کوششوں کا الزام عائد کیا۔ ان کے مطابق اس طرح کے اقدامات جمہوری اقدار کے خلاف ہیں۔ فی الحال پولیس تحقیقات جاری ہیں اور سیاسی جماعتیں ایک دوسرے پر الزامات عائد کر رہی ہیں، جس سے راجیہ سبھا انتخابات سے قبل اوڈیشہ کی سیاست خاصی گرم ہو گئی ہے۔

admin@alnoortimes.in

About Author

Leave a comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

You may also like

خبرنامہ

لاس اینجلس میں جنگل کی آگ سے بڑے پیمانے پر تباہی، اموات کی تعداد 24ہوئی، امدادی کوششیں جاری

امریکہ کی ریاست کیلی فورنیا کے شہر لا اینجلس میں ایک ہفتے سے لگی بھیانک آگ مزید 8 جانیں نگل
خبرنامہ

چین کبھی بھی امریکہ کو پیچھے نہیں چھوڑ سکتا

واشنگٹن(ایجنسیاں) صدر بائیڈن نے پیر کو خارجہ پالیسی پر اپنی آخری تقریر میں بڑا دعویٰ کیا۔ انھوں نے اپنی تقریر