خبرنامہ

یومِ جمہوریہ پر صدر مرمو کا خطاب، خواتین اور ترقی پر زور

بھارت کے 77ویں یومِ جمہوریہ کی آمد سے قبل اتوار کی شام صدرِ جمہوریہ دروپدی مرمو نے قوم سے خطاب کیا۔ اپنے پیغام میں انہوں نے ملک کے تمام باشندوں کو یومِ جمہوریہ کی دلی مبارک باد پیش کی اور کہا کہ 26 جنوری 1950 وہ تاریخی دن ہے جب بھارت نے اپنے آئین کو پوری طرح نافذ کیا اور ایک مضبوط جمہوری سفر کا آغاز کیا۔صدر مرمو نے کہا کہ بھارتی آئین انصاف، آزادی، مساوات اور بھائی چارے جیسے اعلیٰ اقدار پر مبنی ہے اور یہی اصول ملک کے جمہوری نظام کی بنیاد ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ آئین نے ہر شہری کو عزت اور برابری کا حق دیا ہے اور انہی اقدار کی روشنی میں ملک مسلسل ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔
خواتین کے کردار پر روشنی ڈالتے ہوئے صدرِ جمہوریہ نے کہا کہ ملک کی ترقی میں خواتین کی شمولیت نہایت اہم ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ووٹنگ کے عمل میں خواتین کی بڑھتی ہوئی شرکت جمہوریت کو مزید مضبوط بنا رہی ہے۔ ان کے مطابق خواتین کا بااختیار ہونا نہ صرف سماجی ترقی بلکہ قومی ترقی کے لیے بھی ضروری ہے۔صدر مرمو نے حکومت کی مختلف فلاحی اسکیموں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ’بیٹی بچاؤ، بیٹی پڑھاؤ‘ مہم کے ذریعے لڑکیوں کی تعلیم کو فروغ ملا ہے۔ اسی طرح وزیر اعظم جن دھن یوجنا کے تحت اب تک 57 کروڑ سے زیادہ بینک اکاؤنٹس کھولے جا چکے ہیں، جن میں تقریباً 56 فیصد اکاؤنٹس خواتین کے نام پر ہیں، جو خواتین کی معاشی خود مختاری کی ایک واضح مثال ہے۔
کھیل کے میدان میں بھارتی خواتین کی کامیابیوں کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بیٹیوں نے عالمی سطح پر ملک کا نام روشن کیا ہے۔ گزشتہ برس نومبر میں بھارتی خواتین نے آئی سی سی ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ اور اس کے بعد بلائنڈ ویمنز ٹی20 ورلڈ کپ جیت کر تاریخ رقم کی۔ اس کے علاوہ شطرنج کے عالمی کپ کا فائنل بھی بھارت کی دو خواتین کھلاڑیوں کے درمیان کھیلا جانا ایک بڑی کامیابی ہے۔معاشی صورتحال پر بات کرتے ہوئے صدر مرمو نے کہا کہ بھارت اس وقت دنیا کی تیزی سے ترقی کرنے والی بڑی معیشتوں میں شامل ہے۔ عالمی سطح پر غیر یقینی حالات کے باوجود بھارت کی اقتصادی ترقی مسلسل جاری ہے اور ملک مستقبل قریب میں دنیا کی تیسری سب سے بڑی معیشت بننے کے ہدف کی جانب مضبوطی سے بڑھ رہا ہے۔انہوں نے اپنے خطاب کے اختتام پر ملک کے روشن مستقبل کے لیے اتحاد، محنت اور آئینی اقدار پر قائم رہنے کی اپیل کی۔

admin@alnoortimes.in

About Author

Leave a comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

You may also like

خبرنامہ

لاس اینجلس میں جنگل کی آگ سے بڑے پیمانے پر تباہی، اموات کی تعداد 24ہوئی، امدادی کوششیں جاری

امریکہ کی ریاست کیلی فورنیا کے شہر لا اینجلس میں ایک ہفتے سے لگی بھیانک آگ مزید 8 جانیں نگل
خبرنامہ

چین کبھی بھی امریکہ کو پیچھے نہیں چھوڑ سکتا

واشنگٹن(ایجنسیاں) صدر بائیڈن نے پیر کو خارجہ پالیسی پر اپنی آخری تقریر میں بڑا دعویٰ کیا۔ انھوں نے اپنی تقریر