بہار میں بجلی مفت: نتیش کمار کا بڑا اعلان،125 یونٹ تک کوئی بل نہیں
بہار میں یکم اگست سے گھریلو صارفین کو 125 یونٹ تک بجلی مفت ملے گی، حکومت اگلے تین برسوں میں سولر پلانٹس بھی لگائے گی۔
بہار کے وزیراعلیٰ نتیش کمار نے جمعرات کے روز اعلان کیا ہے کہ یکم اگست سے ریاست کے تمام گھریلو صارفین کو 125 یونٹ تک بجلی کے لیے کوئی ادائیگی نہیں کرنی پڑے گی۔ان کا کہنا تھا کہ جولائی مہینے کے بل سے ہی 125 یونٹ تک بجلی مفت فراہم کی جائے گی۔
نتیش کمار نے بتایا، “اس فیصلے سے ریاست کے ایک کروڑ 67 لاکھ خاندانوں کو فائدہ پہنچے گا۔ ہم نے یہ بھی طے کیا ہے کہ آئندہ تین برسوں میں تمام گھریلو صارفین کی رضامندی سے ان کے گھروں کی چھتوں یا قریبی عوامی مقامات پر شمسی توانائی کے پلانٹس لگائے جائیں گے تاکہ مزید سہولت دی جا سکے۔”انھوں نے مزید کہا، “کُٹیر جیوَتی یوجنا کے تحت انتہائی غریب خاندانوں کے لیے سولر پلانٹ لگانے کا مکمل خرچ ریاستی حکومت برداشت کرے گی، جب کہ باقی صارفین کو بھی مناسب امداد دی جائے گی۔”
نتیش کمار کے مطابق، “اس اقدام سے نہ صرف 125 یونٹ تک بجلی مفت فراہم ہوگی بلکہ آئندہ تین سالوں میں ریاست میں تقریباً 10 ہزار میگاواٹ تک شمسی توانائی پیدا ہونے کی توقع ہے۔”یہ اعلان اس وقت کیا گیا ہے جب سال کے آخر میں بہار میں اسمبلی انتخابات ہونے جا رہے ہیں۔





