پٹنہ کے پاٹلی پترا اسٹیشن پر امیدواروں کا شدید ہنگامہ
پٹنہ کے پاٹلی پترا ریلوے اسٹیشن پر امتحانی امیدواروں کے ہنگامے، پتھراؤ اور پولیس کارروائی سے ٹرینوں کی آمدورفت متاثر ۔
پٹنہ: بہار میں محکمۂ انسدادِ شراب نوشی (مدھیہ نشیدھ) اور دیگر محکموں میں بھرتی کے لیے منعقد ہونے والے امتحان سے قبل پاتلی پترا ریلوے اسٹیشن پر امیدواروں کے احتجاج نے شدت اختیار کر لی، جس کے نتیجے میں کئی گھنٹوں تک افراتفری کی کیفیت برقرار رہی۔ مشتعل افراد کی جانب سے توڑ پھوڑ اور پتھراؤ کے واقعات پیش آئے جب کہ ریلوے آمدورفت بھی متاثر ہوئی۔اطلاعات کے مطابق مختلف اضلاع سے آنے والے ہزاروں امیدوار امتحان میں شرکت کے لیے رات کے وقت پاتلی پترا اسٹیشن پر جمع تھے۔ امیدواروں کا کہنا تھا کہ ٹرینوں کی تاخیر اور مسافروں کی غیر معمولی بھیڑ کے باعث انہیں اپنے امتحانی مراکز تک بروقت پہنچنے میں دشواری کا سامنا تھا۔ اسی دوران کچھ افراد نے احتجاج شروع کر دیا جو بعد میں ہنگامہ آرائی میں تبدیل ہو گیا۔
انتظامیہ کے مطابق مشتعل ہجوم نے بعض ٹرینوں کی روانگی میں رکاوٹ پیدا کی اور متعدد مرتبہ ایمرجنسی چین کھینچی گئی۔ صورت حال کو قابو میں لانے کے لیے پولیس اور ضلع حکام موقع پر پہنچے اور مظاہرین کو سمجھانے کی کوشش کی، لیکن حالات مزید کشیدہ ہوتے گئے۔ بعد ازاں پولیس نے ہجوم کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس کے گولے داغے، ہلکا لاٹھی چارج کیا اور حفاظتی اقدام کے طور پر ہوائی فائرنگ بھی کی۔پٹنہ کے اعلیٰ پولیس حکام نے بتایا کہ تقریباً دو سے تین گھنٹے تک کشیدگی برقرار رہی۔ اس دوران بعض پولیس اہلکاروں سمیت چند افسران کو بھی معمولی چوٹیں آئیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ اب صورتحال مکمل طور پر قابو میں ہے اور ریلوے خدمات دوبارہ معمول کے مطابق چل رہی ہیں۔واقعے کے بعد ریلوے پولیس نے تقریباً پانچ سو نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے جبکہ چند مشتبہ افراد کو حراست میں لے کر تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ موقع کی ویڈیو ریکارڈنگ کی گئی ہے اور فوٹیج کی مدد سے دیگر ذمہ دار افراد کی شناخت کی جا رہی ہے۔
واضح رہے کہ بہار میں مختلف محکموں کے مجموعی طور پر 4210 آسامیوں کے لیے بھرتی امتحان منعقد کیا جا رہا ہے، جس میں ریاست بھر سے بڑی تعداد میں امیدوار شریک ہو رہے ہیں۔ انتظامیہ نے یقین دہانی کرائی ہے کہ امتحانی عمل اور ٹرینوں کی آمدورفت معمول کے مطابق جاری رہے گی اور امن و امان برقرار رکھنے کے لیے اضافی پولیس نفری تعینات کر دی گئی ہے۔






