اسرائیل: نیا سیاسی افق
ودود ساجد
اسرائیل میں ابھی نئی حکومت کی تشکیل کیلئے اپوزیشن اتحاد کی تگ و دو جاری ہے لیکن مشرق وسطی میں انسانیت کا سب سے بڑا قاتل اب بھی اپنی حکمرانی کے بدترین دور کی عمر بڑھانے کے بہانے ڈھونڈ رہا ہے۔ وہ ایک طرف تو ایران کے خلاف فوری طور پر جنگ شروع کرنا چاہتا ہے اور دوسری طرف غزہ میں بھی یومیہ بنیادوں پر متفرق وحشیانہ حملے کر رہا ہے۔ لیکن امریکہ کے صدر ٹرمپ اب ایران کو اس طرح کی دھمکیاں نہیں دے رہے ہیں جو وہ امریکہ میں وسط مدتی انتخابات سے پہلے دے رہے تھے۔ شاید امریکہ میں وسط مدتی انتخابی نتائج نے ان کے سارے کس بل نکال دئے ہیں۔
ٹرمپ اور ان کے نائب وانس کے درمیان بھی واضح اختلافات کی خبریں آرہی ہیں۔ وانس شروع سے ہی ایران جنگ کے خلاف ہیں۔ لیکن اسرائیل میں کارگزار وزیر اعظم رہ جانے کے باوجود نتن یاہو ہر روز ٹرمپ کو فون کرکے ایران کے خلاف دوبارہ جنگ شروع کرنے پر اکسا رہا ہے۔ اسرائیل میں نئی حکومت کی تشکیل کے محاذ پر بھی بڑی دلچسپ افراتفری جاری ہے۔ دونوں سیاسی محاذوں میں سے کسی کی بھی حکومت 19 نشستوں والے دو عرب گروپوں کی حمایت کے بغیر نہیں بن رہی ہے۔ لیکن دونوں یہودی گروپوں کا پورا زور اسی نکتہ پر ہے کہ عرب پارٹیوں کے دونوں گروپوں سے نہ حمایت لی جائے اور نہ انہیں حکومت میں شامل کیا جائے۔ عرب پارٹیوں کے دونوں گروپ بہرحال یہ اعلان کرچکے ہیں کہ نتن یاہو کو اقتدار سے باہر کرنے کیلئے وہ اس کے حریف آئزن کوٹ کو حمایت دینے کو تیار ہیں۔
اہل فلسطین اور اسرائیل کے اندر رہنے والے اسرائیلی فلسطینی جس حال میں بسر کر رہے ہیں اس کا کیا ذکر کیا جائے۔ اب تو ایسا لگتا ہے کہ دنیا ان کے احوال کا ذکر سنتے سنتے اوب چکی ہے۔ لیکن ان کے احوال کا جتنا مطالعہ کیجئے اتنے ہی نئے پہلو سامنے آتے ہیں۔ انتخابی نتائج کے بعد کا سب سے دلچسپ اور دلفریب منظرنامہ یہ ہے کہ اسرائیل میں اس وقت پوری سیاست عرب پارٹیوں کے ارد گرد گھوم رہی ہے۔ کچھ مثبت پیش رفت بھی ہے لیکن زیادہ تر تو منفی واقعات ہی ہورہے ہیں۔ ابتدائی تجزیہ یہ ہے کہ منفی صورتحال کے اندر بھی دلچسپ مثبت اشارے پوشیدہ ہیں۔ اسرائیل کی پارلیمنٹ (کنیسٹ) کے عددی منظرنامہ پر ایک نظر ڈالئے: 120 نشستوں والی پارلیمنٹ میں حکومت بنانے کیلئے کم سے کم 61 نشستوں کی ضرورت ہوتی ہے۔ نتن یاہو کے اتحاد کے پاس 53 اور اس کے مخالف آئزن کوٹ کے اتحاد کے پاس 48 نشستیں ہیں۔ حکومت بنانے کیلئے یہ دونوں عرب پارٹیوں کے محتاج ہیں لیکن ساتھ ہی دونوں کوان کی حمایت لینے میں تکلف بھی ہے۔
صدر اسحق ہرزوگ نے آئزن کوٹ کو حکومت سازی کیلئے 28 دن کی مہلت دی ہے جو دسمبر کے پہلے ہفتہ میں ختم ہوجائے گی۔ آئزن کوٹ کی حمایت 67 ممبران پارلیمنٹ نے کی ہے۔ ان دونوں اتحادوں میں متعدد چھوٹی چھوٹی جماعتیں بھی ہیں۔ ان میں سے ہر ایک کے اپنے اپنے نظریات اور مسائل ہیں۔ کچھ کے مسائل تو خاصے پیچیدہ ہیں۔ ان میں انتہائی قدامت پرست دو چھوٹی مذہبی جماعتوں کا ایک متحدہ محاذ ’یوٹی جے یا ’متحدہ توراۃ یہودیت‘ ہے۔ یہ ابھی تک نتن یاہو کی حکومت میں تھا لیکن اس کا ایک اہم مطالبہ ابھی تک پورا نہیں ہوا۔ لہذا عرب پارٹیاں اب اس گروپ کے رابطہ میں ہیں اور نتن یاہو کے خلاف آئزن کوٹ کو حمایت دینے پر ان سے گفتگو کر رہی ہیں۔ اس محاذ کا اہم مطالبہ یہ ہے کہ اس کے مذہبی تعلیم میں مصروف نوجوانوں کو اسرائیلی ملٹری میں 32 مہینوں کی لازمی خدمات سے مستثنی کیا جائے۔
اسرائیل کی اندرونی سیاسی صورتحال کم پیچیدہ نہیں ہے۔ لیکن اس وقت عالمی سطح پر وہاں کی عرب آبادی اور عرب سیاسی جماعتیں بحث کا موضوع بنی ہوئی ہیں۔ 1948 میں برطانیہ کی سازش اور اقوام متحدہ کی حمایت سے جس سرزمین فلسطین پر غاصبانہ طور پر اسرائیل کا وجود عمل میں آیا تھا اس میں صدیوں سے آباد ایک عربی النسل فلسطینی آبادی نے اپنا گھر بار نہیں چھوڑا تھا۔ اس میں بیشتر مسلمان تھے لیکن کچھ عیسائی اور یہودی بھی تھے۔ اس حصہ پر 1920 سے 1947 تک برطانیہ کا تسلط تھا جہاں 19 ویں صدی میں دوسرے ممالک سے نقل مکانی کرکے آنے والے بہت سے یہودی بھی آباد ہوگئے تھے۔
جب 14 مئی 1948 کو غاصب اسرائیل نے اپنی ’آزادی‘ کا اعلان کیا اور عربوں کے ساتھ اس کی جنگ چھڑ گئی تو سات لاکھ سے زیادہ فلسطینیوں کو اجاڑ دیا گیا۔ انہوں نے بھاگ کر اردن‘ لبنان‘ شام اور خود غزہ اور مغربی کنارہ میں پناہ لی۔ لیکن کوئی ڈیڑھ لاکھ کے آس پاس فلسطینی کہیں نہیں جاسکے۔ یہی لوگ عرب اسرائیلی کہلاتے ہیں۔ آج ان کی تعداد 20 لاکھ سے زیادہ ہوگئی ہے۔ یہ عرب اسرائیل کی آبادی کا 21 فیصد ہیں۔ وہ اسرائیل کے شہری تو ہیں اور اسرائیل کے آئین کے مطابق وہ بھی یکساں حقوق رکھتے ہیں لیکن عملاً ان کے ساتھ انتہائی متعصبانہ سلوک روا رکھا جاتا ہے۔ ان کی آبادیوں کیلئے بعض الگ ضابطے بنائے گئے ہیں۔ یہودیوں اور عرب شہریوں کے مساوی حقوق کیلئے کام کرنے والی یہودی تنظیم ’ابراہم انیشئیٹو‘ کے مطابق بمباری سے بچنے کیلئے عرب علاقوں میں 37 اور یہودی علاقوں میں 11 ہزار 738 شیلٹرس ہیں۔ یعنی عربوں کی 21 فیصد آبادی کیلئے محض اعشاریہ 31 فیصد ہی پناہ گاہیں ہیں۔ ان کے سامنے اسکول‘ کالج‘ ہسپتال اور دیگر سہولتوں کے فقدان کا بھی مسئلہ ہے۔ سب سے بڑا مسئلہ عرب آبادیوں میں منظم جرائم کا ہے۔
عرب سیاسی جماعتوں کے دلوں میں اہل فلسطین پر کئے جانے والے ظالمانہ سلوک کی تڑپ تو ہے لیکن اندرون اسرائیل انہیں خود اپنی بقا کا مسئلہ درپیش ہے۔ وہ 32 دانتوں کے درمیان زبان کی مانند رہتے ہیں۔ ایسے میں ان کے ارکان اسرائیل کی پارلیمنٹ میں فلسطین کیلئے بے خوف ہوکر جتنی بھی آواز اٹھاتے ہیں وہ غنیمت سے بہت زیادہ ہے۔ اس الیکشن میں عرب سیاسی جماعتوں نے ہر چند کہ ان گنت شہری مسائل کے تعلق سے بھی مہم چلائی لیکن ان کا سب سے بڑا نشانہ نتن یاہو کو اقتدار سے محروم کرنے کا تھا۔ انتخابی مہم میں عرب لیڈر احمد طیبی نے یہی کہا کہ ہمارے سامنے “برے اور بہت برے” کے درمیان چننے کا مسئلہ ہے۔ لہذا پہلی ترجیح نتن یاہو سے نجات پانے کی ہے۔
اس بار پہلی مرتبہ عرب ووٹروں نے جوش وخروش کا مظاہرہ کیا اور اپنی پارٹیوں کو دوگنی نشستیں بخش دیں۔ اسی ایک عنصر نے نتن یاہو کے ساتھ ساتھ دوسری متشدد پارٹیوں کا کھیل بھی بگاڑ دیا۔ نتائج آنے کے بعد اسرائیل کی پوری قومی سیاست میں اب محض دو گروپ ایسے ہیں جو اپنی شرائط پر حمایت دے کر حکومت بنوا سکتے ہیں: (۱) عرب پارٹیوں کا اتحاد (۲) اور یہودی مذہبی پارٹیوں کا اتحاد۔ دونوں کی مجموعی نشستیں 27 ہیں۔ موخرالذکر گروپ جیسا کہ بتایا گیا کہ نتن یاہو کے ساتھ تھا لیکن اب عرب پارٹیاں اس کے ساتھ مذاکرات کر رہی ہیں تاکہ نتن یاہو کو اقتدار سے باہر رکھا جاسکے۔ اس یہودی مذہبی گروپ کا واحد مسئلہ اس کے مذہبی تعلیم میں مصروف نوجوانوں کو لازمی ملٹری خدمات سے چھوٹ دئے جانے کا ہے۔ یہ مطالبہ اسرائیل کے موجودہ قانون کے اعتبار سے ذرا سخت ہے اور اس کے لئے قانون میں ترمیم کرنی پڑے گی۔
اسرائیل کے عربوں کے سامنے مسائل ہی مسائل ہیں۔ ایک طرف انہیں خود عربوں کے منظم جرائم پیشہ گروہوں کی لوٹ پاٹ اور قتل و غارت گری کا سامنا ہے اور دوسری طرف وہ حکومت اسرائیل کے امتیازی سلوک کا بھی شکار ہیں۔ بعض متشدد یہودی گروہ بھی ان سے لڑتے جھگڑتے رہتے ہیں۔ رپورٹس بتاتی ہیں کہ منظم جرائم پیشہ عرب گروہوں کو حکومت جان بوجھ کر فروغ دیتی ہے ۔ ناخواندہ بے روزگار نوجوانوں کیلئے کچھ حالات بھی ایسے بنادئے گئے ہیں۔ لیکن سردست عرب جماعتیں چاہتی ہیں کہ وہ امتیازی اور متنازعہ قانون کالعدم کردیا جائے جس کی رو سے عرب علاقوں میں کسی بھی رہائشی اور کاروباری عمارت کو ناجائز قرار دے کر ’بلڈوز‘ کردیا جاتا ہے۔
یہ سمجھنا ضروری ہے کہ فوری طور پر عرب قیادت کے سر پر قاتلانہ حملوں کا خطرہ منڈلا رہا ہے۔ 25 اکتوبر 2026 کو عرب سیاسی پارٹیوں کے ایک گروپ کے لیڈر احمد طیبی نے اسرائیل کے چینل 13 کو انٹرویو دیتے ہوئے اندیشہ ظاہر کیا تھا کہ جب نتن یاہو اقتدار بدر ہوجائے گا تواس کے متشدد اتحادی گروپ عرب لیڈروں پر قاتلانہ حملے کرائیں گے۔ متشدد سیاسی پارٹیاں چھانٹ چھانٹ کر غنڈوں اور اوباش کے قسم کے لیڈروں کو اسرائیل کی پارلیمنٹ میں نامزد کرکے بھیجتی ہیں۔ ان میں اسموتریش اور بن غفیر جیسے کھلےغنڈے بھی ہیں۔ بن غفیر کے پاس پولیس کا محکمہ تھا جس کے سہارے اس نے گزشتہ چار برسوں کے دوران عرب آبادیوں اور مغربی کنارہ کے فلسطینیوں کو بہت پریشان کیا۔ پارلیمنٹ میں ایک انتہائی خطرناک اور مکروہ شکل خاتون ’تالی غوطلیف‘ بھی ہے جو ہمیشہ عرب ممبران کی تقریر کے دوران ہذیان میں مبتلا ہوجاتی ہے۔ ان حالات میں عرب سیاسی پارٹیاں خود کو زندہ رکھے ہوئے ہیں۔ پارلیمنٹ کے بیشتر عرب ارکان عبرانی کے علاوہ عربی زبان میں بھی تقریر کرتے ہیں جس پر شرپسند ارکان تڑپ اٹھتے ہیں۔
اسرائیل میں صرف عرب گینگ ہی سرگرم نہیں ہیں بلکہ یہودیوں کے بھی منظم جرائم پیشہ گروہ کام کر رہے ہیں اور دونوں قسم کے گروہوں کے درمیان مضبوط رابطہ بھی ہے۔ یہ گروہ ناجائز وصولی‘ ڈرگ اور ہتھیاروں کی اسمگلنگ‘ ناجائز طور پر تعمیراتی ٹھیکوں کی حصولیابی اور ٹھیکے حاصل کرنے کیلئے غیر قانونی طور پر قرض کی فراہمی جیسے کاموں میں ملوث رہتے ہیں۔ ان کے علاقے بنٹے ہوئے ہیں اور بعض اوقات مختلف گینگ کے درمیان بھی پر تشدد رقابت کے واقعات رونما ہوجاتے ہیں۔ مختلف تحقیقاتی رپورٹس بتاتی ہیں کہ عرب آبادیوں میں جرائم پیشہ گروہوں کے فروغ کا اصل سبب مدتوں تک ان علاقوں کا شہری سہولیات سے محروم رہنا ہے۔ اس عنصر کی تصدیق خود اسرائیل کے نیشنل سیکیورٹی اسٹڈیز انسٹی ٹیوٹ کی متعدد رپورٹس میں کی گئی ہے۔
عرب جرائم پیشہ گروہوں کے فروغ کا ایک سبب یہ بھی ہے کہ پولیس گواہوں کو تحفظ فراہم نہیں کرتی اور انہیں گینگ کے رحم و کرم پر چھوڑ دیتی ہے۔’ابراہم انیشئیٹو‘ کے ذمہ داروں کا کہنا ہے کہ عرب آبادیوں کو اسرائیل کی مختلف حکومتوں نے جان بوجھ کر نظر انداز کیا لیکن اتنی بڑی آبادی کی طرف سے اگر اسی طرح صرف نظر جاری رہا تو وہ پورے ملک کی اندرونی سلامتی کیلئے ہی خطرہ بن سکتی ہے۔ ایک اور تکلیف دہ عنصر یہ ہے کہ نتن یاہو کی حکومت کے چار برسوں میں بن غفیرکے وزیر پولیس رہتے ہوئے مجرمانہ تشدد کے واقعات میں عربوں کے قتل کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہوا اور اس مدت میں853 افراد قتل ہوئے۔
اسرائیل کے عربوں کی اتنی بڑی آبادی ہر طرف سے پریشان ہے۔ منظم جرائم پیشہ گروہوں کے خلاف عرب آبادیوں میں سینکڑوں مظاہرے ہوئے ہیں۔ اس کے باوجود ان کی سیاسی پارٹیوں کے لیڈر سیاسی بصیرت سے کام لے رہے ہیں۔ اب نئے سیاسی منظر نامہ سے امید کے کچھ دئے روشن ہوئے ہیں۔ عرب پارٹیوں اور قدامت پرست یہودی گروہوں کے باہم ربط و ضبط میں اضافہ ہوا ہے۔ دونوں گروہوں نے پارلیمنٹ میں ایک دوسرے کے مطالبات کی حمایت کرنے کا اشارہ دیا ہے۔
متعدد مبصرین اس کا جائزہ لے رہے ہیں کہ اگر عرب اور قدامت پرست یہودی پارٹیوں نے اپنا نیا اتحاد تشکیل دے لیا تو کمزور ہی سہی لیکن اسرائیل کے سیاسی محاذ پرایک نیا رجحان جنم لے سکتا ہے جہاں اس گروپ کے بغیر کوئی بھی گروہ قدم آگے نہیں بڑھا سکے گا۔ بہرحال ابھی وثوق سےکچھ نہیں کہا جاسکتا۔ آخرکار اسرائیل کی 80 فیصد سیاسی پارٹیاں ہیں تو اسلام اور مسلم دشمن ہی۔






