تنویر افضل کی اتر دیناج پور کے ضلع مجسٹریٹ کے طور پر تقرری
تنویر افضل سابق ضلع مجسٹریٹ مشرقی مدنی پور، اتر دیناج پور کے نئے ڈی ایم مقرر؛ علمی حلقوں کی مبارک باد۔
اتردیناج پور، بنگال۔ مشرقی مدنی پور کے سابق ضلع مجسٹریٹ جناب تنویر افضل (ڈبلو بی سی ایس – بیچ 1994) کو ضلع اتر دیناج پور کا نیا ضلع مجسٹریٹ مقرر کر دیا گیا ہے۔ سرکاری ذرائع کے مطابق جناب تنویر افضل نے بطور ضلع مجسٹریٹ مشرقی مدنی پور اپنی ذمہ داریاں خوش اسلوبی سے انجام دیں اور اب انہیں اتر دیناج پور کی اہم انتظامی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ان کی اس نمایاں تقرری کی خبر سن کر علمی و سماجی حلقوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔ اس موقع پر سیتل کوچی کالج کے صدر شعبۂ عربی جناب محمد شہباز عالم نے جناب تنویر افضل کو اس اہم عہدے پر فائز ہونے پر دل کی گہرائیوں سے مبارک باد پیش کی ہے اور ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔
اسی طرح انہوں نے محترم ڈاکٹر نعیم انیس، اعزازی سکریٹری دی مسلم انسٹی ٹیوٹ، کولکاتا اور اعزازی مدیر سہ ماہی جریدہ فکر و تحریر، کولکاتا کو بھی اس مسرت آمیز موقع پر دلی مبارک باد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ جناب تنویر افضل کی یہ اہم تقرری یقیناً ڈاکٹر نعیم انیس کے لیے بھی باعثِ فخر و مسرت ہے، کیونکہ وہ ان کے معزز برادرِ نسبتی ہیں۔
محمد شہباز عالم نے امید ظاہر کی کہ جناب تنویر افضل اپنی بصیرت، تجربے اور انتظامی صلاحیتوں کے ذریعے ضلع اتر دیناج پور کی ترقی اور عوامی خدمت میں اہم کردار ادا کریں گے۔





