خبرنامہ

راہل گاندھی نے وی بی جی رام جی بل کو دیہی مخالف قرار دیا

دہلی۔ کانگریس کے رکنِ پارلیمنٹ اور لوک سبھا میں قائدِ حزبِ اختلاف راہل گاندھی نے جمعہ کے روز مرکزی حکومت پر سخت تنقید کرتے ہوئے الزام لگایا کہ مودی حکومت نے ایک ہی دن میں تقریباً بیس سال پرانی منریگا (مہاتما گاندھی نیشنل رورل ایمپلائمنٹ گارنٹی ایکٹ) جیسی اہم اسکیم کو ختم کر دیا ہے۔ انہوں نے نئے منظور شدہ ’وی بی-جی رام جی‘ بل کو دیہی علاقوں اور غریبوں کے مفادات کے خلاف قرار دیا۔راہل گاندھی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’’ایکس‘‘ پر اپنے بیان میں کہا کہ یہ نیا بل منریگا کی اصلاح یا بہتری نہیں ہے بلکہ اس کی روح کو ختم کرنے کی کوشش ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ’’کل رات مودی حکومت نے بیس سال کی محنت سے بنی منریگا اسکیم کو ایک ہی دن میں زمین بوس کر دیا۔‘‘انہوں نے واضح کیا کہ منریگا صرف ایک روزگار اسکیم نہیں تھی بلکہ اس نے دیہی مزدوروں کو باعزت زندگی گزارنے کی طاقت دی۔ اس اسکیم کے باعث دیہی مزدوروں کو اجرت کے معاملے میں بہتر سودے بازی کا موقع ملا، استحصال میں کمی آئی، مجبوری میں ہونے والی نقل مکانی کم ہوئی اور دیہی علاقوں میں کام کے حالات بہتر ہوئے۔راہل گاندھی نے الزام لگایا کہ حکومت جان بوجھ کر منریگا کی طاقت کو کمزور کرنا چاہتی ہے۔ ان کے مطابق نئے بل میں کام کے دنوں کی حد مقرر کر دی گئی ہے اور ایسے طریقے شامل کیے گئے ہیں جن کے ذریعے کام سے انکار کرنا آسان ہو جائے گا، جس سے دیہی غریبوں کا واحد سہارا چھن سکتا ہے۔
انہوں نے یاد دلایا کہ کورونا وبا کے دوران جب پورے ملک کی معیشت تقریباً ٹھپ ہو گئی تھی، تب منریگا نے کروڑوں لوگوں کو بھوک، بے روزگاری اور قرض میں ڈوبنے سے بچایا تھا۔ اس وقت یہی اسکیم دیہی علاقوں میں زندگی کی ڈور بنی رہی۔راہل گاندھی نے اس بات پر بھی زور دیا کہ منریگا سے سب سے زیادہ فائدہ خواتین کو ہوا۔ ان کے مطابق ہر سال منریگا کے تحت ہونے والے کام کے دنوں میں سے نصف سے زیادہ دن خواتین کے نام رہے، جس سے دیہی خواتین کو مالی خودمختاری ملی۔انہوں نے حکومت پر یہ الزام بھی لگایا کہ اس اہم بل کو بغیر کسی جامع جانچ پڑتال کے جلد بازی میں پارلیمنٹ سے منظور کرا لیا گیا۔ اپوزیشن کی بار بار اپیل کے باوجود اس بل کو پارلیمانی مستقل کمیٹی کے حوالے نہیں کیا گیا، جو جمہوری روایات کے خلاف ہے۔
راہل گاندھی نے اعلان کیا کہ کانگریس دیہی غریبوں کی آخری سماجی تحفظ کو ختم نہیں ہونے دے گی۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی مزدوروں، پنچایتوں اور ریاستی حکومتوں کے ساتھ مل کر اس قانون کے خلاف ملک گیر تحریک چلائے گی اور حکومت پر دباؤ ڈالے گی کہ وہ اس بل کو واپس لے۔قابلِ ذکر ہے کہ پارلیمنٹ نے جمعرات کی رات ’وی بی-جی رام جی‘ بل کو منظور کر لیا ہے، جو اب بیس سال پرانی منریگا اسکیم کی جگہ لے گا۔ اس فیصلے کے بعد سیاسی حلقوں میں شدید بحث چھڑ گئی ہے اور دیہی ہندوستان کے مستقبل پر سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔

admin@alnoortimes.in

About Author

Leave a comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

You may also like

خبرنامہ

لاس اینجلس میں جنگل کی آگ سے بڑے پیمانے پر تباہی، اموات کی تعداد 24ہوئی، امدادی کوششیں جاری

امریکہ کی ریاست کیلی فورنیا کے شہر لا اینجلس میں ایک ہفتے سے لگی بھیانک آگ مزید 8 جانیں نگل
خبرنامہ

چین کبھی بھی امریکہ کو پیچھے نہیں چھوڑ سکتا

واشنگٹن(ایجنسیاں) صدر بائیڈن نے پیر کو خارجہ پالیسی پر اپنی آخری تقریر میں بڑا دعویٰ کیا۔ انھوں نے اپنی تقریر