ناگ پورمیں تشدد، پولیس کی بھاری تعیناتی

ناگ پور میں اورنگزیب قبر کو لے کر جھڑپیں، پتھراؤ اور آتش زنی، پولیس نے لاٹھی چارج اور آنسو گیس کا استعمال کیا
ناگ پور، مہاراشٹر میں اوربادشاہ نگزیب کی قبر کو لے کر تنازعہ کے بعد تشدد کی اطلاعات سامنے آرہی ہے۔ اطلاعات کے مطابق، ناگ پور کے محل علاقے میں دو گروہوں کے درمیان جھڑپیں ہوئیں، جس کے بعد دونوں گروہوں نے ایک دوسرے پر پتھراؤ کیا اور آتش زنی کی۔ اس واقعے کے بعد علاقے میں شدید تناؤ کی کیفیت پیدا ہو گئی ہے۔ پولیس نے لاٹھی چارج کر کے بھیڑ کو منتشر کیا اور علاقے میں بھاری تعداد میں پولیس تعینات کر دی گئی ہے۔
واضح رہے کہ اورنگزیب کی قبر کے تنازعے پر پیر کو مہاراشٹر میں وشو ہندو پریشد کے کارکنوں نے متعدد مقامات پر احتجاج کیا تھا۔ ناگ پور میں بھی اورنگزیب کا پتلا جلایا تھا، جس کے بعد دو گروہوں کے درمیان جھڑپیں ہوئیں اور پتھراؤ اور آتش زنی کا سلسلہ شروع ہو گیا۔
مہاراشٹر کے وزیر اعلی دیویندر فڈنویس نے عوام سے امن و امان برقرار رکھنے کی اپیل کی ہے۔ انھوں نے کہا کہ پولیس انتظامیہ صورتحال کو قابو میں لانے کے لیے کوشاں ہے اور شہریوں کو انتظامیہ کے ساتھ تعاون کرنا چاہیے۔
مرکزی وزیر اور ناگ پور کے ایم پی نتن گڈکری نے بھی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ناگ پور شہر کا تاریخ امن و امان برقرار رکھنے کی روایت رہی ہے اور انھوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ کسی بھی قسم کی افواہوں پر یقین نہ کریں اور امن قائم رکھیں۔