خبرنامہ

اتراکھنڈ:بادل پھٹنے کا قہر، 100 سے زائد لاپتا

اتراکھنڈ کے اُتّر کاشی ضلع کے دھرالی علاقے میں کھیر گنگا ندی پر بادل پھٹنے کے باعث اچانک سیلاب آیا، جس سے بیس سے زائد ہوٹل اور ہوم اسٹے بہہ گئے اور درجنوں افراد کے لاپتا ہونے کی اطلاعات ہیں۔ اب تک کم از کم چار افراد کی موت کی تصدیق ہو چکی ہے، جب کہ کچھ فوجی اہلکاروں کے بھی لاپتا ہونے کی خبریں ہیں۔ مقامی ذرائع کے مطابق، متاثرہ افراد میں مقامی باشندوں کے ساتھ ساتھ سیاح بھی شامل ہیں، جن کی تلاش جاری ہے۔سیلاب کے باعث کئی گھروں کو نقصان پہنچا، بازاروں میں تباہی مچ گئی، اور کئی سڑکیں مکمل طور پر بہہ گئیں۔ مقامی افراد نے سوشل میڈیا پر دل دہلا دینے والے مناظر شیئر کیے، جن میں تیز بہتے پانی کا رُخ بستیوں کی طرف دکھایا گیا۔ پانی کے دباؤ سے کئی عمارتیں لمحوں میں زمین بوس ہو گئیں، جبکہ لوگوں کی چیخ و پکار سے فضا سوگوار ہو گئی۔
ریاستی وزیر اعلیٰ پشکر سنگھ دھامی نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے تمام متعلقہ اداروں کو فوری ریسکیو کے احکامات دیے ہیں۔ ریاستی ڈیزاسٹر ریسپانس فورس، این ڈی آر ایف، فوج، آئی ٹی بی پی اور دیگر ایجنسیاں مل کر امدادی کاموں میں مصروف ہیں۔ اب تک 150 افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا چکا ہے۔ وزیر اعلیٰ خود صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے متاثرہ علاقے کی طرف روانہ ہو چکے ہیں۔متعدد علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے سڑکیں بند ہیں، جس سے ریسکیو ٹیموں کو پہنچنے میں دشواری ہو رہی ہے۔ خراب موسم اور مسلسل بارش نے حالات مزید پیچیدہ بنا دیے ہیں۔ دھرالی کے ساتھ ساتھ بھٹواڑی، نالو پانی، گنگوتری ہائی وے، اور دیگر مقامات بھی متاثر ہوئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق، بعض مقامات پر سڑکیں 100 سے 200 میٹر تک مکمل طور پر تباہ ہو چکی ہیں، جنہیں بحال کرنے میں وقت لگے گا۔
آئی ٹی بی پی کے اہلکاروں نے متاثرین کو محفوظ پناہ گاہوں میں منتقل کیا ہے اور تمام افراد کو بنیادی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ ساتھ ہی، پولیس کے اعلیٰ افسران اور سپیشل یونٹس کو بھی موقع پر بھیجا گیا ہے تاکہ امدادی کاموں کو مؤثر انداز میں چلایا جا سکے۔ ریسکیو آپریشن میں ڈرون، زمین کھودنے والی مشینیں، اور سرچ ڈاگز کی بھی مدد لی جا رہی ہے تاکہ ملبے میں دبے افراد کو تلاش کیا جا سکے۔ہماچل پردیش اور شملہ سمیت کئی شمالی علاقوں میں بھی شدید بارش، لینڈ سلائیڈنگ اور سڑکوں کی بندش کی اطلاعات ہیں، جس سے مجموعی طور پر بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصان ہوا ہے۔ ریاستی حکومتوں نے ایمرجنسی فنڈز جاری کر دیے ہیں اور عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔

admin@alnoortimes.in

About Author

Leave a comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

You may also like

خبرنامہ

لاس اینجلس میں جنگل کی آگ سے بڑے پیمانے پر تباہی، اموات کی تعداد 24ہوئی، امدادی کوششیں جاری

امریکہ کی ریاست کیلی فورنیا کے شہر لا اینجلس میں ایک ہفتے سے لگی بھیانک آگ مزید 8 جانیں نگل
خبرنامہ

چین کبھی بھی امریکہ کو پیچھے نہیں چھوڑ سکتا

واشنگٹن(ایجنسیاں) صدر بائیڈن نے پیر کو خارجہ پالیسی پر اپنی آخری تقریر میں بڑا دعویٰ کیا۔ انھوں نے اپنی تقریر