خبرنامہ

امریکہ:منییاپولس میں آئی سی ای فائرنگ،رینی گڈ ہلاک،احتجاج بھڑکا

امریکہ کی ریاست منیسوٹا کے شہر منییاپولس میں ایک 37 سالہ خاتون رینی نکول گڈ کی امیگریشن اینڈ کسٹمز انفورسمنٹ (آئی سی ای) کے اہلکار کے ہاتھوں فائرنگ سے ہلاکت کے بعد شہر میں شدید احتجاجی مظاہرے شروع ہو گئے ہیں۔ اس واقعے نے ایک بار پھر امریکہ میں امیگریشن کارروائیوں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اختیارات پر سنگین سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔واقعے کی منظر عام پر آنے والی ویڈیو فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ آئی سی ای کے ایجنٹ سڑک کے درمیان ایک کار کے قریب پہنچتے ہیں۔ جیسے ہی گاڑی آگے بڑھنے کی کوشش کرتی ہے، ایک ایجنٹ ڈرائیور کی جانب بندوق تان لیتا ہے اور کچھ ہی لمحوں بعد فائرنگ کی آوازیں سنائی دیتی ہیں۔ انہی گولیوں کے نتیجے میں رینی نکول گڈ شدید زخمی ہوئیں اور بعد میں ان کی موت واقع ہو گئی۔
امریکی محکمہ ہوم لینڈ سیکیورٹی کی سیکریٹری کرسٹی نوئم نے واقعے پر بیان دیتے ہوئے کہا کہ رینی نکول گڈ مبینہ طور پر ایجنٹوں کا پیچھا کر رہی تھیں اور ان کے سرکاری کام میں رکاوٹ ڈال رہی تھیں۔ ان کا یہ بھی دعویٰ ہے کہ خاتون نے اپنی گاڑی کو ایک ہتھیار کے طور پر استعمال کرنے کی کوشش کی، جس کے باعث ایجنٹ کو فائرنگ کرنا پڑی۔دوسری جانب منییاپولس سٹی کونسل نے حکومت کے اس مؤقف کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ فائرنگ کے وقت رینی نکول گڈ اپنے پڑوسیوں کی مدد کر رہی تھیں اور کسی قسم کی پرتشدد کارروائی میں ملوث نہیں تھیں۔ کونسل کے مطابق یہ واقعہ بدھ کے روز مقامی وقت کے مطابق صبح تقریباً 10 بج کر 25 منٹ پر پیش آیا، جب خاتون کو گولی مار دی گئی۔
واضح رہے کہ وائٹ ہاؤس کی جانب سے غیر قانونی امیگریشن کے خلاف جاری مہم کے تحت منییاپولس میں سینکڑوں آئی سی ای اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔ اسی پس منظر میں یہ واقعہ پیش آیا، جس کے بعد مقامی سطح پر بے چینی اور غصے کی لہر دوڑ گئی۔واقعے کے فوراً بعد شہر کے ڈیموکریٹ میئر جیکب فرے نے آئی سی ای اہلکاروں سے منییاپولس چھوڑنے کی اپیل کی اور کہا کہ ایسی کارروائیاں شہر کے امن اور عوامی اعتماد کو نقصان پہنچا رہی ہیں۔ تاہم ہوم لینڈ سیکیورٹی کی سیکریٹری کرسٹی نوئم نے واضح کیا ہے کہ منییاپولس میں آئی سی ای کا آپریشن جاری رہے گا۔اس واقعے کی تحقیقات فیڈرل بیورو آف انویسٹی گیشن (ایف بی آئی) کر رہی ہے، جبکہ شہری حقوق کی تنظیموں نے غیر جانبدار اور شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔ واقعے نے ایک بار پھر امریکہ میں امیگریشن پالیسی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے کردار پر ایک نئی بحث چھیڑ دی ہے۔

admin@alnoortimes.in

About Author

Leave a comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

You may also like

خبرنامہ

لاس اینجلس میں جنگل کی آگ سے بڑے پیمانے پر تباہی، اموات کی تعداد 24ہوئی، امدادی کوششیں جاری

امریکہ کی ریاست کیلی فورنیا کے شہر لا اینجلس میں ایک ہفتے سے لگی بھیانک آگ مزید 8 جانیں نگل
خبرنامہ

چین کبھی بھی امریکہ کو پیچھے نہیں چھوڑ سکتا

واشنگٹن(ایجنسیاں) صدر بائیڈن نے پیر کو خارجہ پالیسی پر اپنی آخری تقریر میں بڑا دعویٰ کیا۔ انھوں نے اپنی تقریر