کامیڈین کنال کامرا کے بیان پر ہنگامہ

کامیڈین کنال کامرا کے ایکناتھ شندے پر طنزیہ تبصرے کے بعد شندے گروپ مشتعل، ممبئی میں توڑ پھوڑ، جب کہ ادھو ٹھاکرے نے کامرا کی حمایت کی۔
مہاراشٹر کے نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے پر طنزیہ تبصرے کے بعد کامیڈین کنال کامرا تنازعے میں گھر گئے ہیں۔ شیو سینا (شندے گروپ) کے رہنماؤں اور حامیوں نے ان کے خلاف سخت ردعمل ظاہر کیا ہے، جب کہ شیو سینا (یو بی ٹی) کے سربراہ ادھو ٹھاکرے نے کامرا کے بیان کو درست ٹھہراتے ہوئے ان کا دفاع کیا ہے۔
ادھو ٹھاکرے نے اپنے بیان میں کہا کہ انھیں نہیں لگتا کہ کُنال کامرا نے کچھ غلط کہا ہے۔ انھوں نے مزید کہا، ’’جو غدار ہے، وہ غدار ہے۔‘‘ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں کنال کامرا نے فلم دل تو پاگل ہے کے ایک گانے کی پیروڈی کے ذریعے ایکناتھ شندے پر طنز کیا تھا، جس کے بعد شندے گروپ کے رہنماؤں اور حامیوں میں غصہ بڑھ گیا۔
اس ویڈیو کے منظر عام پر آتے ہی شیو سینا (شندے گروپ) کے کارکنوں نے ممبئی کے کھار علاقے میں واقع ایک اسٹوڈیو اور ہوٹل میں توڑ پھوڑ کی، جہاں ان کے مطابق ویڈیو کی شوٹنگ ہوئی تھی۔ مظاہرین نے سخت نعرے بازی کرتے ہوئے کُنال کامرا کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔
اس معاملے میں کُنال کامرا کے خلاف ایم آئی ڈی سی پولیس اسٹیشن میں ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے۔ شندے گروپ کے رکن اسمبلی موراجی پٹیل نے کامیڈین کے خلاف شکایت درج کرائی ہے۔ پولیس نے معاملے کی تحقیقات شروع کر دی ہے جب کہ کامرا کی جانب سے اب تک کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا۔