بہاراسمبلی میں ووٹر لسٹ کے مسئلے پر ہنگامہ

بہار اسمبلی میں ووٹر لسٹ معاملے پر ہنگامہ، نتیش کمار نے تیزسوی پر وار کرتے ہوئے کہا کہ خواتین کو 50 فیصد ریزرویشن ہماری حکومت نے دیا، انتخاب میں عوام فیصلہ کرے گی۔
بہار میں اسمبلی انتخابات سے پہلے ووٹر فہرست سے نام ہٹائے جانے کے معاملے پر سیاسی ماحول خاصا گرم ہوتا جا رہا ہے۔ ریاستی اسمبلی میں اس معاملے کو لے کر خاصی بحث و تکرار دیکھنے کو ملی، جہاں وزیر اعلیٰ نتیش کمار اور اپوزیشن لیڈر تیجسوی یادو کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا۔نتیش کمار نے ایوان میں خطاب کے دوران تیجسوی یادو پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ “یہاں بے وجہ شور مچایا جا رہا ہے، انتخاب لڑیے، وہاں جو کچھ بولنا ہے بولیے۔” انھوں نے خواتین کو ریزرویشن دینے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ 2006 سے خواتین کو 50 فیصد ریزرویشن انہی کی حکومت نے دیا، جب کہ اس حوالے سے پچھلی حکومتوں نے کچھ خاص نہیں کیا۔
بحث کے دوران ماحول اتنا گرما گیا کہ نتیش کمار نے تیجسوی یادو کے خطاب کے دوران اپنی نشست سے کھڑے ہو کر سابق وزیر اعلیٰ لالو پرساد یادو کے دورِ حکومت کو بھی نشانے پر لیا۔ انھوں نے کہا کہ 2005 سے پہلے بہار میں ترقی کا نام و نشان نہیں تھا اور خواتین یا اقلیتوں کے لیے کوئی ٹھوس اقدام نہیں کیا گیا تھا۔نتیش کمار نے یہ بھی کہا کہ وہ کچھ وقت کے لیے اپوزیشن اتحاد کے ساتھ ضرور گئے تھے، مگر جب کام میں سنجیدگی نہ دیکھی تو واپس آ گئے۔ انھوں نے اپوزیشن کو مشورہ دیا کہ وہ عوامی فیصلے پر بھروسہ رکھیں اور انتخابی میدان میں اپنی بات رکھیں۔