ٹرمپ کامتنازع بیان:میں نیویارک کو کمونسٹ پاگل کے حوالے نہیں کروں گا

ڈونالڈ ٹرمپ نے ظہران ممدانی کو “کمونسٹ پاگل” قرار دے کر گرفتاری اور ملک بدری کی دھمکی دی، ممدانی نے جواباً اسے آمریت قرار دے کر رد کر دیا۔
ڈونالڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر سوشل میڈیا پر متنازع بیان دیا ہے، جس میں انھوں نے بغیر کسی کا نام لیے ایک “کمونسٹ پاگل” کو نیویارک کو تباہ کرنے سے روکنے کا عزم ظاہر کیا ہے۔ ماہرین کا ماننا ہے کہ ان کا اشارہ ظہران ممدانی کی طرف تھا، جنھوں نے حال ہی میں نیویارک سٹی کے میئر کے لیے ڈیموکریٹک پرائمری جیتی ہے۔ٹرمپ نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ وہ نیویارک کو ایک بار پھر “گرم اور عظیم” بنائیں گے، جیسے انہوں نے امریکہ کے ساتھ کیا تھا۔ اگرچہ انہوں نے براہِ راست ممدانی کا نام نہیں لیا، لیکن ان کے الفاظ اور وقت کا انتخاب واضح طور پر اسی طرف اشارہ کرتا ہے۔ ٹرمپ کے حامی اور کچھ ریپبلکن رہنما ظہران کی شہریت منسوخ کرنے اور انہیں ملک بدر کرنے کا مطالبہ بھی کر چکے ہیں۔
ظہران ممدانی نے پرائمری میں سابق میئر اینڈریو کومو کو شکست دی تھی، جس کے بعد سے وہ قدامت پسند حلقوں میں تنقید کا نشانہ بنے ہوئے ہیں۔ ٹرمپ نے ان پر کمونسٹ نظریات رکھنے، نااہل ہونے اور خطرہ بننے کا الزام لگایا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ظہران کے خیالات امریکہ کے لیے خطرناک ہیں اور اگر انھوں نے وفاقی اداروں کی بات نہ مانی تو انہیں گرفتار بھی کیا جا سکتا ہے۔
ظہران نے اس کا سخت جواب دیتے ہوئے کہا کہ ٹرمپ کی باتیں آمرانہ سوچ کی عکاسی کرتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ کسی سے نہیں ڈرتے، اور وہ عوام کی بھلائی کے لیے کام کرتے رہیں گے۔ ان کے مطابق انہیں صرف اس وجہ سے نشانہ بنایا جا رہا ہے کیونکہ وہ امیگریشن پالیسیوں میں اصلاحات چاہتے ہیں اور چاہتے ہیں کہ امیگریشن ایجنسیاں شہر میں خوف نہ پھیلائیں۔؎ظہران ممدانی بھارتی نژاد فلم ساز میرا نائر کے بیٹے ہیں، جن کی پیدائش یوگنڈا میں ہوئی۔ وہ 2018 میں امریکی شہری بنے، اور 2021 سے نیویارک اسٹیٹ اسمبلی کے رکن ہیں۔ ان کی اہلیہ شامی نژاد آرٹسٹ راما دواجی ہیں۔ اگر وہ نومبر میں میئر کا انتخاب جیت جاتے ہیں، تو وہ نیویارک شہر کے پہلے جنوبی ایشیائی نژاد میئر ہوں گے۔