ٹرمپ: ٹیریف سے امریکی تجارتی خسارہ کم ترین سطح پر
ٹرمپ کے مطابق ٹیریف پالیسی سے امریکی تجارتی خسارہ کم ہوا، درآمدات گھٹیں، برآمدات بڑھیں، تاہم ماہرین اسے جزوی اور عارضی بہتری قرار دیتے ہیں۔
امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر ایک بیان میں کہا ہے کہ محصولات (ٹیریف) عائد کرنے کی پالیسی کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں اور اس کے باعث امریکہ کا تجارتی خسارہ مسلسل کم ہو رہا ہے۔ ان کے مطابق تازہ سرکاری اعداد و شمار اس بات کی تصدیق کرتے ہیں کہ امریکہ کا تجارتی خسارہ سن 2009 کے بعد سب سے کم سطح پر آ گیا ہے۔صدر ٹرمپ نے اپنی پوسٹ میں کہا کہ حال ہی میں جاری ہونے والے اعداد و شمار شاندار ہیں اور یہ سب ان کی ٹیریف پالیسی کا براہِ راست نتیجہ ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹیریف کے ذریعے نہ صرف امریکی معیشت کو مضبوط کیا گیا بلکہ قومی سلامتی کو بھی تحفظ ملا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ امریکی سپریم کورٹ بھی اس تاریخی کامیابی کی اہمیت کو سمجھے گی، جس کے ذریعے ملک کے مفادات کا دفاع کیا گیا ہے۔
امریکی محکمہ تجارت کے مطابق اکتوبر کے مہینے میں امریکہ کا اشیاء اور خدمات کا تجارتی خسارہ کم ہو کر 29.4 ارب ڈالر رہ گیا، جو اس سے ایک ماہ قبل 48.1 ارب ڈالر تھا۔ محکمے کا کہنا ہے کہ ٹرمپ انتظامیہ کی ٹیریف پالیسیوں نے عالمی تجارت کے انداز کو متاثر کیا ہے اور درآمدات میں کمی جبکہ برآمدات میں استحکام کے باعث خسارہ کم ہوا ہے۔یہ اعداد و شمار جون 2009 کے بعد سے کم ترین ماہانہ تجارتی خسارے کو ظاہر کرتے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق اکتوبر میں امریکہ کی درآمدات میں 3.2 فیصد کمی دیکھی گئی اور یہ کم ہو کر 331.4 ارب ڈالر رہ گئیں، جبکہ برآمدات میں 2.6 فیصد اضافہ ہوا اور یہ 302 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں۔
تجارتی خسارہ کم کرنا صدر ٹرمپ کی اقتصادی پالیسی کا ایک اہم ہدف رہا ہے۔ تاہم ماہرینِ معاشیات نے خبردار کیا ہے کہ یہ بہتری جزوی طور پر سونے اور ادویات جیسے چند مخصوص شعبوں میں عارضی اتار چڑھاؤ کا نتیجہ بھی ہو سکتی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ سال کے آغاز میں درآمدات میں اضافے کی وجہ سے جنوری سے اکتوبر تک مجموعی تجارتی خسارہ اب بھی گزشتہ سال کے مقابلے میں 7.7 فیصد زیادہ ہے۔دوسری جانب رپورٹس میں یہ بھی بتایا جا رہا ہے کہ امریکہ آئندہ ہفتے ایک مجوزہ بل پر ووٹنگ کے بعد بھارت پر 500 فیصد تک ٹیریف عائد کرنے پر غور کر سکتا ہے، جس سے عالمی تجارتی تعلقات میں مزید کشیدگی پیدا ہونے کا امکان ہے۔





