خبرنامہ

مہاراشٹر میں طوفانی بارش نے زندگی اجیرن بنا دی

مہاراشٹر کے مختلف علاقوں میں کئی دنوں سے جاری شدید بارش نے عوام کی مشکلات میں بے پناہ اضافہ کر دیا ہے۔ ممبئی سے لے کر تھانے تک بیشتر علاقے بارش کے پانی میں ڈوبے دکھائی دے رہے ہیں۔ کئی مقامات پر تو صورتحال اس قدر سنگین ہو گئی ہے کہ گھروں اور سڑکوں پر سانپ بھی تیرتے ہوئے نظر آ رہے ہیں، جس نے لوگوں کی پریشانی اور خوف میں اضافہ کر دیا ہے۔
ٹھانے میونسپل کارپوریشن کے دائرہ کار میں آنے والے دیگھر گاؤں میں کئی گھروں میں پانی داخل ہو چکا ہے۔ گلیوں اور سڑکوں پر پانی جمع ہونے کے باعث سانپوں کی موجودگی نے مقامی افراد کو سہما دیا ہے۔ بارش کے موسم میں عموماً سانپ قریبی جنگلات سے نکل کر رہائشی آبادیوں کا رخ کرتے ہیں، لیکن اس بار شدید بارش اور سیلابی کیفیت نے ان کی تعداد میں اضافہ کر دیا ہے۔
مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ بارش کے سبب نالوں کا پانی سڑکوں پر اُمڈ آیا ہے اور نکاسی کا نظام مکمل طور پر ناکام ہو گیا ہے۔ گلیوں میں ہر طرف پانی ہی پانی دکھائی دیتا ہے۔ دیگھر کے رہائشی اپنے گھروں میں بھی خود کو غیر محفوظ محسوس کر رہے ہیں کیونکہ پانی کے اندر سانپوں کی موجودگی ایک بڑا خطرہ ہے۔ بچے، خواتین اور بزرگ سب ہی خوفزدہ ہیں۔ لوگوں کے مطابق یہ مسئلہ ہر سال سامنے آتا ہے، لیکن اس بار صورتحال پہلے سے زیادہ سنگین اور خطرناک ہے۔ تیز بارش کے سبب ان کے معمولاتِ زندگی بری طرح متاثر ہو گئے ہیں۔
مہاراشٹر میں لگاتار چوتھے روز بھی بھاری بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ بارش سے سڑکوں پر پانی جمع ہو گیا ہے جس کی وجہ سے شہریوں کو آمدورفت میں شدید مشکلات پیش آ رہی ہیں۔ پانی بھرنے کے باعث دفاتر اور کاروباری مراکز تک پہنچنا مشکل ہو گیا ہے جبکہ تعلیمی ادارے بھی متاثر ہوئے ہیں۔ بارش کی شدت کے باعث ممبئی کی مشہور لوکل ٹرین سروس بھی بری طرح متاثر ہوئی ہے۔ کئی رُوٹوں پر ٹرینیں یا تو تاخیر کا شکار ہیں یا پھر مکمل طور پر بند ہیں۔ اس صورتِ حال نے عام لوگوں کی زندگی کو مزید دشوار بنا دیا ہے۔
بارش اور سیلابی کیفیت کے بعد شہری انتظامیہ پر دباؤ بڑھ گیا ہے۔ لوگ شکایت کر رہے ہیں کہ برساتی پانی کے نکاس کے لیے مؤثر انتظامات نہیں کیے گئے۔ ہر سال بارش کے دوران یہی مسائل پیدا ہوتے ہیں مگر اس بار گھروں تک پانی داخل ہونے اور سانپوں کے آ جانے نے خطرہ کئی گنا بڑھا دیا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر بارش کا سلسلہ مزید جاری رہا تو متاثرہ علاقوں میں صحت اور وبائی امراض کا خدشہ بڑھ سکتا ہے۔ فی الحال شہری انتظامیہ لوگوں سے گھروں کے اندر محتاط رہنے اور غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کرنے کی اپیل کر رہی ہے۔

admin@alnoortimes.in

About Author

Leave a comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

You may also like

خبرنامہ

لاس اینجلس میں جنگل کی آگ سے بڑے پیمانے پر تباہی، اموات کی تعداد 24ہوئی، امدادی کوششیں جاری

امریکہ کی ریاست کیلی فورنیا کے شہر لا اینجلس میں ایک ہفتے سے لگی بھیانک آگ مزید 8 جانیں نگل
خبرنامہ

چین کبھی بھی امریکہ کو پیچھے نہیں چھوڑ سکتا

واشنگٹن(ایجنسیاں) صدر بائیڈن نے پیر کو خارجہ پالیسی پر اپنی آخری تقریر میں بڑا دعویٰ کیا۔ انھوں نے اپنی تقریر