خبرنامہ

مبارکپور میں اجتماعِ معراج النبی کی روح پرور محفل

مبارک پور، اعظم گڑھ(پریس ریلیز)

رجب المرجب کی 27ویں شب کی بابرکت ساعتوں میں اعظم گڑھ کے مشہور وقدیم اور تاریخی قصبہ مبارکپور کی مرکزی راجہ مبارک شاہ جامع مسجد میں عاشقانِ رسول کی روح پرور محفل “اجتماعِ معراج النبی ﷺ” منعقد ہوئی۔ یہ عظیم الشان اجتماع عاشقانِ رسول کی مدنی تحریک دعوتِ اسلامی انڈیا کے زیرِ اہتمام سجایا گیا، جس میں تقریباً 1200 خوش نصیبوں نے شرکت کی اور نورِ ایمان سے اپنے دلوں کو منور کیا۔

محفل کا آغاز خوش الحان آواز کے مالک حافظ ابو حنظلہ عطاری کی تلاوتِ قرآنِ کریم سے ہوا، جس نے سامعین کے دلوں میں روحانی سرشاری کی لہر دوڑا دی۔ اس کے بعد ثناء خوانانِ مصطفیٰ ﷺ محترم عبیدہ حسن عطاری، نعیم اشرف عطاری، قمر عطاری اور قاری غیاث الدین صاحب نے نعت و منقبت کے نذرانے پیش کیے، جنہوں نے محفل کو محبتِ رسول ﷺ کی خوشبو سے معطر کر دیا۔

روحانی و اصلاحی بیانات مصلح قوم و ملت حضرت مولانا حافظ و قاری اقبال حسین صاحب مصباحی ناظم مدرسۃ المدینہ فیضان صدیق اکبر اعظم گڑھ اور حضرت مولانا یونس رضا صاحب مصباحی ناظم مدرسۃ المدینہ فیضان مفتئ اعظم ہند مبارک پور نے ارشاد فرمائے، جن میں واقعۂ معراج النبی ﷺ کی نورانی حقیقت، اس کے حکمت آموز پیغامات اور ہمارے لیے عملی راہنمائی پر روشنی ڈالی گئی۔

الحمدللہ! دعوتِ اسلامی ہمیشہ سے موقع کی مناسبت سے روحانی اور اصلاحی اجتماعات منعقد کرتی آ رہی ہے، جن میں ہفتہ وار سنّتوں بھرا اجتماع، اجتماعِ میلاد، اجتماعِ غوثیہ (بڑی گیارھویں شریف)، اجتماعِ شبِ قدر، اجتماعِ شبِ براءت اور اجتماعِ معراج النبی ﷺ شامل ہیں۔ ان بابرکت محافل میں تلاوت، نعت، وعظ و نصیحت، ذکر و اذکار، دعا اور صلوٰۃ و سلام کا روح پرور ماحول ہوتا ہے، جس سے شرکت کرنے والوں کے قلوب میں سنّتوں اور اوامرشرعیہ پر عمل پیرا ہونے ومنہیات سے پرہیز کرنے کا جذبہ بیدار ہوتا ہے۔
جیساکہ امیرِ اہلِ سنّت دامت برکاتہم العالیہ فرماتے ہیں:
“ہفتہ وار سنّتوں بھرے اجتماعات میں شرکت سے نہ صرف علمِ دین حاصل ہوتا ہے بلکہ خوفِ خدا اور عشقِ مصطفیٰ ﷺ میں رونے کی سعادت بھی نصیب ہوتی ہے۔ ان اجتماعات میں شریک ہونے والے کئی بگڑے ہوئے افراد کی زندگیوں میں حیرت انگیز تبدیلیاں واقع ہوتی ہیں۔”

یہی وجہ ہے کہ ملک و بیرونِ ملک ہزاروں مقامات پر اسلامی بھائیوں اور اسلامی بہنوں کے (الگ الگ) ہفتہ وار اجتماعات منعقد ہوتے ہیں، جن میں لاکھوں افراد شرکت کرکے علمِ دین سیکھنے، نیکی کی دعوت عام کرنے اور اپنی دنیا و آخرت سنوارنے کی سعی کرتے ہیں۔

اس روح پرور اجتماع کے موقع پر دعوتِ اسلامی مبارک پور کے کئی اہم ارکان و ذمّہ داران، جن میں خالد کمال عطاری، فہیم عطاری، ظفر عطاری، حبیب اکرم عطاری، نور عالم عطاری، حاجی احسان عطاری، حاجی جابر عطاری، راشد عطاری اور عامر عطاری شامل تھے، شریک رہے اور اپنی مدنی ذمہ داریاں نبھاتے رہے۔

محفل کا اختتام رقت انگیز دعا اور صلوٰۃ و سلام پر ہوا، جس میں تمام حاضرین نے اپنے گناہوں کی معافی، دین پر استقامت، مشکلات سے نجات، اور دینِ اسلام کی سر بلندی کے لیے گڑگڑا کر دعا کی۔
مذکورہ اطلاع مبارک پور دعوت اسلامی کے اہم ذمہ دار خالد کمال عطاری صاحب نے پریس ریلیز کے ذریعہ دیا –
یہ اجتماع عاشقانِ رسول کے لیے ایمان و عشق کی شمعیں روشن کر گیا، اور یقیناً اس نورانی محفل کی برکتیں تادیر قلوب کو منور کرتی رہیں گی۔ اللہ تعالیٰ ہمیں بھی ایسے بابرکت اجتماعات میں شرکت کی توفیق عطا فرمائے اور ہمیں علم و عمل کی دولت سے سرفراز فرمائے، آمین بجاہِ النبی الامین ﷺ۔

admin@alnoortimes.in

About Author

Leave a comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

You may also like

خبرنامہ

لاس اینجلس میں جنگل کی آگ سے بڑے پیمانے پر تباہی، اموات کی تعداد 24ہوئی، امدادی کوششیں جاری

امریکہ کی ریاست کیلی فورنیا کے شہر لا اینجلس میں ایک ہفتے سے لگی بھیانک آگ مزید 8 جانیں نگل
خبرنامہ

چین کبھی بھی امریکہ کو پیچھے نہیں چھوڑ سکتا

واشنگٹن(ایجنسیاں) صدر بائیڈن نے پیر کو خارجہ پالیسی پر اپنی آخری تقریر میں بڑا دعویٰ کیا۔ انھوں نے اپنی تقریر