ایک نشست میں مکمل قرآن سنانے کا شرف

حافظ ابو حنظلہ عطاری کی فقیدالمثال سعادت، ایک نشست میں مکمل قرآن سنانے کا شرف
مبارک پور(پریس ریلیز)
اللّٰہ تعالیٰ کے برگزیدہ بندے وہی ہیں جو اپنی زندگی کو اس کی رضا کے لیے وقف کر دیتے ہیں۔ وہ دنیاوی لہو و لعب میں وقت ضائع کرنے کے بجائے نیک اعمال میں مصروف رہتے ہیں۔ ایسے ہی خوش نصیب افراد میں مدرسۃ المدینہ فیضان مفتیٔ اعظم ہند، مبارک پور کے ہونہار طالب علم حافظ ابو حنظلہ بن نثار احمد بھی شامل ہو چکے ہیں، جنہوں نے ایک ہی نشست میں مکمل قرآنِ پاک سنانے کی سعادت حاصل کرکے اپنے اساتذہ، والدین اور پورے علاقے کا سر فخر سے بلند کر دیا۔
یہ غیر معمولی کارنامہ مدرسۃ المدینہ فیضان مفتی اعظم ہند مبارکپور کے پرنسپل حضرت مولانا محمد یونس رضا مصباحی کی سرپرستی اور مذکورہ طالب علم کے استاذ خاص حضرت حافظ و قاری سعید اختر کی خصوصی نگرانی میں انجام پایا۔ اس موقع پر مدرسے کے دیگر اساتذہ، طلبہ اور مبارک پور کے کچھ دیگر علمائے کرام بھی موجود تھے، جنہوں نے اس شاندار کامیابی پر دلی مسرت کا اظہار کیا۔
قرآن مجید کی شان میں اللّٰہ تعالیٰ فرماتا ہے:
“اگر ہم یہ قرآن کسی پہاڑ پر اُتارتے تو ضرور تو اُسے دیکھتا جھکا ہوا پاش پاش ہوتا اللّٰہ کے خوف سے۔” (الحشر: 21)
یہ وہ مقدس کلام ہے جسے پہاڑ بھی برداشت نہ کر سکتے، مگر آج لاکھوں حافظ قرآن بچوں کے سینوں میں محفوظ ہے۔ حافظ ابو حنظلہ عطاری نے ایک نشست میں مکمل قرآن سنا کر اس حقیقت کو مزید نمایاں کر دیا کہ اللّٰہ تعالیٰ کی عطا کردہ توفیق سے انسان ناممکن کو بھی ممکن بنا سکتا ہے۔
حدیث مبارکہ میں آیا ہے کہ قیامت کے دن حافظ قرآن کو امتیازی مقام دیا جائے گا، اور اس کے والدین کو نورانی تاج پہنایا جائے گا۔ یہی نہیں، بلکہ قرآن کا حافظ اللّٰہ تعالیٰ کے خاص بندوں میں شمار ہوگا اور بلند درجات پائے گا۔
حافظ ابو حنظلہ عطاری کی اس سعادت پر دعوتِ اسلامی مبارک پور کے ذمہ داران حاجی جابر عطاری، حاجی احسان عطاری، خالد کمال عطاری، فہیم عطاری، عبیدہ حسن عطاری، ظفر عطاری، حبیب عطاری، نعیم اشرف عطاری سمیت تمام اساتذہ و ذمہ داران نے دلی خوشی کا اظہار کیا اور انہیں ڈھیروں دعاؤں سے نوازا۔
مذکورہ اطلاع دارالعلوم انوارمصطفیٰ سہلاؤشریف کے ناظم تعلیمات ادیب شہیر حضرت مولانا محمد شمیم احمد صاحب نوری مصباحی نے پریس ریلیز کے ذریعہ دیا-
اللّٰہ کریم سے دعا ہے کہ وہ حافظ ابو حنظلہ عطاری کو مزید علومِ دینیہ حاصل کرنے کی توفیق عطا فرمائے، ان کے والدین اور اساتذہ کے لیے یہ سعادت باعثِ اجر و مغفرت بنے، اور اللّٰہ تعالیٰ ہمیں بھی قرآن مجید سے محبت اور عمل کی توفیق بخشے۔ آمین!