تیج پرتاپ کی تین شادیاں؟وائرل چیٹ سے سیاسی ہنگامہ

بی جے پی لیڈر نکھل آنند نے دعویٰ کیا کہ تیج پرتاپ یادو کی تین بیویاں ہیں، انوشکا یادو کی مبینہ چیٹ اور تصویر وائرل ہونے کے بعد سوشل میڈیا پر تنازعہ کھڑا ہو گیا، تیج پرتاپ نے الزامات کو جھوٹا اور اکاؤنٹ ہیک کا نتیجہ قرار دیا۔
بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے رہنما ڈاکٹر نکھل آنند نے آر جے ڈی لیڈر تیج پرتاپ یادو پر سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ ان کی تین بیویاں ہیں۔ نکھل آنند نے یہ بات مبینہ طور پر ایک خاتون انوشکا یادو کی وائرل چیٹ کے حوالے سے کہی ہے، جس میں دعویٰ کیا گیا کہ تیج پرتاپ کی زندگی میں ایشوریا رائے اور انوشکا یادو کے علاوہ ایک اور خاتون بھی موجود ہیں۔مرکزی وزیر جیتن رام مانجھی نے جب تیج پرتاپ اور انوشکا کی ایک تصویر سامنے آنے پر تبصرہ کیا تو انھوں نے ایک “سِنہا” نامی لڑکی کا ذکر کرتے ہوئے لالو خاندان سے وضاحت طلب کی۔ اس کے بعد تیج پرتاپ یادو نے الزام لگایا کہ ان کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کو ہیک کیا گیا اور تصاویر میں ایڈیٹنگ کر کے انہیں اور ان کے خاندان کو بدنام کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
تاہم، انوشکا یادو کی جس چیٹ کا حوالہ دیا جا رہا ہے، اس کی صداقت کی آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔ نہ ہی یہ واضح ہے کہ آیا وہ چیٹ واقعی انوشکا یادو کی ہے یا کسی اور نے ان کے نام سے جعلی تصویر بنائی ہے۔ انسٹاگرام پر اس وقت انوشکا کے نام سے کوئی ایسا اکاؤنٹ فعال نہیں جس پر وہی تصویر دیکھی جا سکے، البتہ ممکن ہے کہ تنازعے کے بعد وہ اکاؤنٹ عارضی طور پر بند کر دیا گیا ہو۔بی جے پی کے نکھل آنند نے نہ صرف تیج پرتاپ کی مبینہ تین شادیوں کا دعویٰ کیا بلکہ یہ بھی الزام لگایا کہ تیجسوی یادو نے خود اپنے بھائی کو ایک خاتون (سِنہا) کے ساتھ مالدیپ بھیجا اور پھر عوام کے سامنے انھیں پارٹی و خاندان سے نکالنے کا ڈرامہ کیا، تاکہ بعد میں انھیں کسی بڑی پوزیشن پر بٹھایا جا سکے۔ ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ یہ سب سیاسی چال ہے جو انتخابات کے بعد ختم ہو جائے گی۔
اس تنازعے کی ابتداء 24 مئی کو اُس وقت ہوئی جب تیج پرتاپ یادو کے فیس بک پیج سے ایک پوسٹ شیئر کی گئی جس میں انوشکا یادو کے ساتھ تصویر اور تعلق کا ذکر کرتے ہوئے کہا گیا کہ وہ 12 سال سے رشتے میں ہیں۔ تاہم کچھ دیر بعد وہ پوسٹ ہٹا دی گئی اور رات کو تیج پرتاپ نے دعویٰ کیا کہ ان کا اکاؤنٹ ہیک کر لیا گیا ہے۔اگلے روز لالو پرساد یادو نے اعلان کیا کہ تیج پرتاپ کو پارٹی اور خاندان سے باہر نکالا جا رہا ہے۔
اسی واقعے پر ردعمل دیتے ہوئے جیتن رام مانجھی نے ایک اور ٹویٹ کیا جس میں تیج پرتاپ کی اہلیہ ایشوریا رائے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان کی زندگی بھی برباد کر دی گئی ہے، اور اب انوشکا یادو کو بھی اسی راہ پر دھکیلا جا رہا ہے۔ انھوں نے لالو خاندان سے کھل کر جواب دینے کا مطالبہ کیا۔لالو یادو کے بہنوئی اور سابق سیاستدان سادھو یادو نے بھی اس موقع پر بیان دیا کہ تیج پرتاپ نے ایک اور لڑکی سے بھی تعلق قائم رکھا ہوا تھا، جسے مبینہ طور پر 5 کروڑ روپے دے کر دہلی بھیج دیا گیا، اور اس کے بھائی کو بھی وہیں نوکری دلا دی گئی۔ سادھو یادو نے مزید الزام لگایا کہ ایک اور یادو لڑکی (ممکنہ طور پر انوشکا) سے بھی تیج پرتاپ کے تعلقات تھے، اور خاندان، حکومت، حتیٰ کہ پولیس کو بھی اس سب کی خبر ہے۔انہوں نے طنزاً کہا کہ اگر تیج پرتاپ کو اس لڑکی سے شادی کرنی تھی تو اسے عزت کے ساتھ سب کے سامنے کرنا چاہیے تھا، نا کہ اس طرح تنازعوں میں الجھ کر۔