ٹیچر سونالی خودکشی کیس: تفتیشی افسر معطل

جھارکھنڈ میں ٹیچر سونالی نے پولیس ہراسانی سے تنگ آ کر خودکشی کر لی، سوسائیڈ نوٹ سامنے آنے پر تفتیشی افسر کو معطل کر دیا گیا۔
جھارکھنڈ کے ضلع رام گڑھ میں 25 سالہ اسکول ٹیچر سونالی کماری کی خودکشی کا معاملہ نیا رخ اختیار کر گیا ہے۔ سونالی نے بدھ کی شب اپنے گھر میں پھانسی لگا کر زندگی کا خاتمہ کر لیا۔ خودکشی سے قبل اس نے چار صفحات پر مشتمل ایک خط چھوڑا جس میں اس نے پولیس پر ذہنی اذیت دینے کا الزام عائد کیا۔سونالی کے مطابق، اسے پچھلے کئی ماہ سے بار بار تھانے بلا کر ساؤر بھ سنگھ کی خودکشی کے معاملے میں پوچھ گچھ کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا۔ ساؤر بھ، جو سونالی سے یکطرفہ محبت کرتا تھا، دسمبر 2024 میں خودکشی کر چکا تھا۔
سونالی کے والد، ومل سنگھ نے بتایا کہ ساؤر بھ اور اس کے گھر والے سونالی پر شادی کے لیے دباؤ ڈال رہے تھے، جس کی شکایت انھوں نے خواتین تھانے میں درج کروائی تھی، مگر پولیس نے محض ایک سادہ بانڈ پر معاملہ نمٹا دیا۔ شکایت کے باوجود ساؤر بھ اپنی حرکات سے باز نہ آیا۔سونالی کی موت کے بعد جب پولیس پر انگلیاں اٹھیں تو بوکارو رینج کے آئی جی کرانتی کمار گڑی دیسی نے فوری قدم اٹھاتے ہوئے کیس کے تفتیشی افسر اونکار پال سنگھ کو معطل کر دیا۔سونالی کے والد اپنی بیٹی کی راکھ کے ساتھ آئی جی سے ملاقات کے لیے پہنچے اور انصاف کی اپیل کی۔ آئی جی نے نہ صرف ہمدردی کا اظہار کیا بلکہ صاف الفاظ میں یقین دہانی کروائی کہ معاملے کی غیرجانبدار اور مکمل تفتیش کی جائے گی تاکہ متاثرہ خاندان کو انصاف مل سکے۔