خبرنامہ

ٹرمپ اور پوتن کے درمیان بات چیت، مکمل جنگ بندی پر اتفاق نہ ہو سکا

امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ اور روسی صدر ولادیمیر پوتن کی فون پر گفتگو میں یوکرین کے توانائی مراکز پر حملے روکنے پر اتفاق ہوا، مگر مکمل جنگ بندی پر پوتن نے انکار کر دیا، جس کے بعد دونوں ممالک کے درمیان شدید فضائی حملے ہوئے۔

امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ اور روسی صدر ولادیمیر پوتن کے درمیان منگل کو فون پر دو گھنٹے سے زائد بات چیت ہوئی، جس میں پوتن نے یوکرین کے توانائی مراکز پر حملے روکنے پر اتفاق کیا، تاہم مکمل اور فوری جنگ بندی سے انکار کر دیا۔ ٹرمپ کی ٹیم نے حال ہی میں سعودی عرب میں یوکرینی حکام کے ساتھ ایک 30 دن کے مکمل جنگ بندی معاہدے کا مسودہ تیار کیا تھا، لیکن پوتن نے اس پر دستخط کرنے سے انکار کر دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ جنگ بندی اسی صورت ممکن ہو سکتی ہے جب یوکرین کو غیر ملکی امداد اور خفیہ معلومات کی ترسیل بند ہو، تاہم یوکرین کے یورپی اتحادیوں نے اس شرط کو مسترد کر دیا ہے۔
اس فون کال کے کچھ ہی گھنٹوں بعد روس اور یوکرین کے درمیان شدید فضائی حملے ہوئے۔ روسی فوج نے یوکرین کے سومی شہر میں ایک اسپتال سمیت کئی شہری عمارتوں کو نشانہ بنایا، جب کہ یوکرینی حملے کے نتیجے میں جنوبی روس کے ایک آئل ڈپو میں آگ لگ گئی، جس کا دائرہ 20 مربع کلومیٹر تک پھیل گیا۔ روسی وزارت دفاع کے مطابق یوکرین کے 57 ڈرون مار گرائے گئے ہیں۔
دونوں رہنماؤں کی بات چیت میں قیدیوں کے تبادلے پر بھی اتفاق ہوا اور یوکرین و روس کے درمیان 175-175 قیدیوں کی رہائی طے پائی۔ اس گفتگو کے بعد ٹرمپ یہ دعویٰ کر سکتے ہیں کہ انہوں نے یوکرین میں امن کی طرف پیش رفت کی ہے، تاہم امریکی سفارتی حلقے اس پیش رفت کو مایوس کن قرار دے رہے ہیں، کیوں کہ امریکہ مکمل اور غیر مشروط جنگ بندی پر روس کو راضی کرنے میں ناکام رہا۔ دوسری جانب روس کے لیے یہ دن کامیاب ثابت ہوا، کیونکہ تین سال کی کشیدگی کے بعد وہ امریکہ کے ساتھ براہ راست مذاکرات کر رہا ہے۔
فون کال کے دوران دونوں رہنماؤں نے مشرق وسطیٰ میں امن اور عالمی سیکیورٹی کے معاملات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ روسی سرکاری میڈیا کے مطابق، گفتگو کے دوران دونوں صدور نے ہلکے پھلکے انداز میں آئس ہاکی جیسے موضوعات پر بھی بات کی، جسے روسی عوام بے حد پسند کرتے ہیں۔ اس ملاقات کے بعد اتوار کو سعودی عرب میں مزید مذاکرات ہونے جا رہے ہیں، جہاں یوکرین تنازع کے حل کے لیے سفارتی کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔

admin@alnoortimes.in

About Author

Leave a comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

You may also like

خبرنامہ

لاس اینجلس میں جنگل کی آگ سے بڑے پیمانے پر تباہی، اموات کی تعداد 24ہوئی، امدادی کوششیں جاری

امریکہ کی ریاست کیلی فورنیا کے شہر لا اینجلس میں ایک ہفتے سے لگی بھیانک آگ مزید 8 جانیں نگل
خبرنامہ

چین کبھی بھی امریکہ کو پیچھے نہیں چھوڑ سکتا

واشنگٹن(ایجنسیاں) صدر بائیڈن نے پیر کو خارجہ پالیسی پر اپنی آخری تقریر میں بڑا دعویٰ کیا۔ انھوں نے اپنی تقریر