خبرنامہ

سپریم کورٹ کا بہار میں 65 لاکھ ووٹروں کی فہرست شائع کرنے کا حکم

بہار میں اسپیشل انٹینسیو ریویژن (SIR) کے خلاف دائر درخواستوں پر سپریم کورٹ میں مسلسل تیسرے دن سماعت ہوئی، جس کے بعد عدالت نے عبوری حکم جاری کیا۔ عدالت نے الیکشن کمیشن کو ہدایت دی ہے کہ وہ ان 65 لاکھ ووٹروں کی فہرست جاری کرے جن کے نام ڈرافٹ ووٹر لسٹ میں شامل نہیں ہیں۔ یہ فہرست بوتھ وار ہوگی اور ہر ووٹر کے ای پی آئی سی نمبر سے تلاش کی جا سکے گی۔عدالت نے یہ لسٹ منگل 19 اگست شام 5 بجے تک جاری کرنے کا وقت دیا ہے اور ساتھ یہ بھی کہا ہے کہ نام خارج کرنے کی وجہ واضح لکھی جائے۔ مزید برآں، عدالت نے الیکشن کمیشن کو ہدایت دی کہ SIR کے عمل میں ضروری دستاویزات میں آدھار کارڈ کو بھی شامل کیا جائے۔اپوزیشن جماعتوں نے اس فیصلے کا خیرمقدم کیا۔ کانگریس رہنما جے رام رمیش نے کہا کہ سپریم کورٹ نے واضح اور جرات مندانہ فیصلے کے ذریعے آئین کو قائم رکھا۔ آر جے ڈی لیڈر تیجسوی یادو نے کہا کہ یہ جمہوریت کی جیت ہے اور ہماری تمام مطالبات پر عدالت نے مہر لگا دی۔
سپریم کورٹ نے حکم دیا کہ 65 لاکھ ووٹروں کی یہ فہرست ہر ضلع الیکشن افسر کی ویب سائٹ پر ڈالی جائے، نام خارج ہونے کی وجہ کے ساتھ۔ یہ لسٹ بہار کے چیف الیکٹورل آفیسر کی ویب سائٹ پر بھی ہوگی اور ہر پنچایت بھون اور بلاک آفس میں چسپاں کی جائے۔ اس کا اشتہار مقامی زبان اور انگریزی میں اخبارات، ٹی وی اور ریڈیو پر دیا جائے، اور اگر ضلع الیکشن افسران کے سوشل میڈیا پیجز ہیں تو وہاں بھی شائع کیا جائے۔عدالت نے کہا کہ عوامی نوٹس میں یہ بھی واضح ہو کہ جن کے نام لسٹ میں نہیں ہیں، وہ آدھار کارڈ کی کاپی کے ساتھ الیکشن کمیشن سے رابطہ کریں۔ یہ تمام عمل 19 اگست شام 5 بجے تک مکمل ہونا چاہیے، اس کے بعد عدالت میں عملدرآمد رپورٹ جمع کرانی ہوگی۔ اگلی سماعت 22 اگست دوپہر 2 بجے ہوگی۔
الیکشن کمیشن کے وکیل راکیش دویدی نے کہا کہ ڈرافٹ لسٹ میں نام نہ ہونے کی وجوہات میں موت، ہجرت اور نام کی تکرار شامل ہیں۔ انھوں نے بتایا کہ بہار میں اس وقت تقریباً 7.89 کروڑ ووٹر درج ہیں جن میں سے 4 کروڑ سے زیادہ 2003 کی ووٹر لسٹ میں بھی شامل تھے۔ مزید کہا کہ ایک کروڑ افراد نے پہلے ہی اپنے کاغذات جمع کرا دیے ہیں اور تقریباً 75 لاکھ لوگوں کو یہ عمل مکمل کرنا ہے۔الیکشن کمیشن نے مؤقف اختیار کیا کہ یہ عمل جاری رہنا چاہیے، کیوں کہ وہ پہلے ہی سیاسی تناؤ کے ماحول میں کام کر رہا ہے اور انتخابی نتائج ہارنے والے ہمیشہ اعتراضات اٹھاتے ہیں۔ عدالت نے تاہم یہ واضح کیا کہ وہ فیصلے ریکارڈ اور شواہد کی بنیاد پر کرے گی۔

admin@alnoortimes.in

About Author

Leave a comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

You may also like

خبرنامہ

لاس اینجلس میں جنگل کی آگ سے بڑے پیمانے پر تباہی، اموات کی تعداد 24ہوئی، امدادی کوششیں جاری

امریکہ کی ریاست کیلی فورنیا کے شہر لا اینجلس میں ایک ہفتے سے لگی بھیانک آگ مزید 8 جانیں نگل
خبرنامہ

چین کبھی بھی امریکہ کو پیچھے نہیں چھوڑ سکتا

واشنگٹن(ایجنسیاں) صدر بائیڈن نے پیر کو خارجہ پالیسی پر اپنی آخری تقریر میں بڑا دعویٰ کیا۔ انھوں نے اپنی تقریر