مصطفائی کلب ریاں پور میں اسٹوری ٹیلنگ مقابلے کا کامیاب انعقاد

8 جولائی کو مصطفائی کلب ریاں پور میں مجمع البحرین اسٹوری ٹیلنگ مقابلہ منعقد ہوا، جس میں 15 بچوں نے شرکت کی، اور اسرار احمد نے پہلی پوزیشن حاصل کی۔
ریان پور، کٹیہار:
مورخہ 8 جولائی 2025، بروز منگل، صبح 10 بجے مصطفائی کلب (واقع موضع ریاں پور، بینی باڑی، کدوا کروم، ضلع کٹیہار، بہار) کے وسیع و خوشنما احاطے میں ایک پُروقار اور تعلیمی ماحول سے بھرپور مجمع البحرین اسٹوری ٹیلنگ کمپیٹی شن کا کامیاب انعقاد کیا گیا۔ اس مقابلے کا مقصد بچوں کی تخلیقی صلاحیتوں کو فروغ دینا، ان کے اعتماد کو بڑھانا اور حوصلہ افزائی کرنا تھا۔تھا۔اس موقع پر بحیثیت مہمانِ خصوصی اور جج چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ جناب ابو صالح صاحب سہرول اور ڈاکٹر فیض ارشد صاحب نے شرکت فرمائی۔ دونوں ججز نے بچوں کی کارکردگی کو نہایت سنجیدگی سے سنا اور اپنی ماہرانہ رائے سے نتائج مرتب کیے۔
اس مقابلے میں مختلف عمر کے پندرہ (15) بچوں نے حصہ لیا، جنھوں نے باری باری اپنی اپنی دلچسپ اور سبق آموز کہانیاں حاضرین کے سامنے پیش کیں۔ تمام بچوں کی کہانیوں میں تنوع، جذبات، اخلاقی سبق اور زبان کی روانی قابلِ تعریف تھی۔
انعامات کی تفصیل درج ذیل ہے:
پہلا انعام (ٹرافی اور ₹1000 نقد) اسرار احمد رشیدی، ابن جمیل احمد صاحب، ریاں پور کو ان کی بہترین اور دل کو چھو لینے والی کہانی پر دیا گیا۔
دوسرا انعام (ٹرافی اور ₹500 نقد) ناز فاطمہ، دختر مظاہر عالم صاحب مرحوم، ریاں پور کو ان کی پراثر اور منفرد اندازِ بیان پر دیا گیا۔
تیسرا انعام ریحان رضا رشیدی کو ان کی دلچسپ اور معلوماتی کہانی پر دیا گیا۔

ان کے علاوہ، مقابلے میں حصہ لینے والے تمام بچوں کی حوصلہ افزائی کے لیے ڈاکٹر فیض ارشد صاحب کے ہاتھوں سے مصطفائی کلب کی جانب سے ترغیبی انعامات بھی تقسیم کیے گئے، جس سے بچوں کے چہروں پر خوشی اور اعتماد کی جھلک دیکھی گئی۔آخر میں مصطفائی کلب کی انتظامیہ نے تمام معزز مہمانان، ججز، شرکاء اور حاضرین کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا اور آئندہ بھی اسی طرح کی تعلیمی و تربیتی سرگرمیوں کے تسلسل کا عزم ظاہر کیا۔