دہلی میں آندھی و طوفان: ایک ہلاک، نظام زندگی متاثر

دہلی-این سی آر میں تیز آندھی، بارش اور ژالہ باری سے ایک شخص جاں بحق، پروازیں و میٹرو متاثر، عوام کو احتیاط کی ہدایت۔
دہلی اور نواحی علاقوں میں جمعہ کی شام موسم اچانک تبدیل ہو گیا۔ تیز رفتار دھول بھری آندھی نے معمولات زندگی کو شدید متاثر کیا۔ مشرقی دہلی کے مدھو وہار تھانہ حدود میں زیر تعمیر عمارت کی دیوار گرنے سے ایک شخص جان سے ہاتھ دھو بیٹھا جب کہ دو افراد زخمی ہوئے۔موسم کی اس اچانک تبدیلی کے باعث دہلی ایئرپورٹ پر ہوائی سفر بھی متاثر ہوا۔ رات 9 بجے تک کم از کم 15 پروازوں کو دوسرے ہوائی اڈوں کی جانب موڑ دیا گیا۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ چند گھنٹوں کے دوران دہلی میں بارش کی پیش گوئی کی ہے اور شہریوں کے لیے “ریڈ الرٹ” جاری کر دیا ہے۔
آندھی کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ شہر کے مختلف علاقوں میں درخت جڑ سے اکھڑ گئے، جن میں منڈی ہاؤس اور دہلی گیٹ جیسے اہم مقامات شامل ہیں۔ ایک موٹر سائیکل پر درخت گرنے سے وہ بری طرح تباہ ہو گئی، جب کہ سڑکوں پر گرا ملبہ ٹریفک میں رکاوٹ کا باعث بنا۔ فضا میں اڑتی دھول اور ملبے کے باعث سڑکیں اور عمارتیں جزوی طور پر دھندلا گئیں، جس سے شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔
طوفان کی وجہ سے دہلی میٹرو سروس بھی متاثر ہوئی۔ خاص طور پر زمین سے اوپر چلنے والے روٹس پر احتیاطی تدابیر کے تحت میٹرو کی رفتار کم کر دی گئی، جس کے باعث کئی مقامات پر مسافروں کو تاخیر کا سامنا کرنا پڑا اور پلیٹ فارمز پر بھیڑ دیکھی گئی۔محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ تین گھنٹوں میں دہلی، این سی آر، ہریانہ اور مغربی اترپردیش کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور تیز آندھی کا امکان ہے۔ عوام کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اس دوران کھلی جگہوں پر جانے سے گریز کریں، کیونکہ ژالہ باری (اولے پڑنے) کا خطرہ بھی موجود ہے۔ کمزور تعمیرات گر سکتی ہیں اور تیز ہوائیں فصلوں اور باغات کو بھی نقصان پہنچا سکتی ہیں۔
