ہری دوار کے مانسا دیوی مندر میں بھگدڑ،6 افراد جاں بحق، متعدد زخمی

اتراکھنڈ کے مانسا دیوی مندر میں بھگدڑ کے باعث 6 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ، واقعہ ممکنہ طور پر کرنٹ لگنے کے بعد پیش آیا۔
اتراکھنڈ کے ہری دوار میں واقع مشہور مانسا دیوی مندر میں اتوار کی صبح زائرین کی بڑی تعداد کے باعث بھگدڑ مچ گئی، جس کے نتیجے میں 6 افراد جان کی بازی ہار گئے جب کہ درجنوں افراد زخمی ہو گئے۔انتظامیہ کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا جب سیڑھیوں والے راستے پر اچانک بدنظمی پیدا ہو گئی۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق شبہ ہے کہ وہاں بجلی کا کرنٹ آنے سے لوگ گھبرا گئے اور افرا تفری مچ گئی۔ حادثے کی تحقیقات جاری ہیں۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور امدادی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں اور زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کیا جا رہا ہے۔ریاست کے وزیراعلیٰ پشکر سنگھ دھامی نے حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تمام متعلقہ ادارے ریسکیو میں مصروف ہیں اور وہ خود صورت حال کی نگرانی کر رہے ہیں۔اتوار ہونے کے باعث مندر میں بڑی تعداد میں لوگ موجود تھے، جس کے سبب ہجوم پر قابو پانا مشکل ہو گیا۔ فی الحال حالات قابو میں ہیں اور اضافی نفری تعینات کر دی گئی ہے۔