خبرنامہ

عرسِ عینی مارہروی پر روحانی محفل کا خوبصورت اہتمام

قدوۃ المحققین، سراج السالکین، حضرت سید شاہ حمزہ عینی مارہروی قدس سرہ العزیز ان اکابر اولیاء میں سے ہیں جنہوں نے باطن کی تطہیر، سلوک کی راہ، اور معرفتِ الٰہی کے نور سے ہزاروں قلوب کو منور فرمایا۔ آپ کا وجود ایک زندہ خانقاہ، ایک چلتا پھرتا مدرسۂ اور ایک ولی کامل کا مظہر تھا۔ آپ کے فیوض و برکات آج بھی اہلِ دل کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔
حضرت سید شاہ حمزہ عینی قدس سرہ کی روحانی نسبتیں، تحقیقی بصیرت، اور علمی گہرائی ایسی تھیں کہ آپ کا شمار ساداتِ مارہرہ مقدسہ کے ان بزرگوں میں ہوتا ہے جنہوں نے خانقاہ برکاتیہ کے روحانی فیضان کو جہان بھر میں عام کیا ، ” فصل الکلمات “اور ” کاشف الاستار ” جیسی گراں قدر کتاب بطور یادگار چھوڑیں۔
اسی طرح حضور مفتی اعظم ہند، شہزادۂ اعلیٰ حضرت، پرتو سرکار نور علیہ الرحمہ حضرت محمّد مصطفی رضا خان قادری نوری برکاتی بریلوی علیہ الرحمہ بھی علم و فقہ کے آفتاب و ماہتاب تھے۔ آپ کی شخصیت دنیا بھر میں دینی منظرنامے پر فقاہت، زہد، اور استقامت کا استعارہ ہے ۔ آپ کی تصانیف خصوصاً فتاویٰ مصطفویہ آج بھی اصحاب علم وفضل کے لیے مرجع و منبعِ ہدایت ہیں۔
یہ دونوں بزرگ محض یاد منانے کے لیے نہیں ہیں ،بلکہ ان کی حیات ہمارے لیے مشعل راہ، تحریک اصلاح باطن اور دعوتِ تجدیدِ دین ہیں۔
لہذا آج مؤرخہ ١٤/ محرم الحرام/١٤٤٧ھ بروز جمعرات تعلیم کے بعد جامعہ احسن البرکات مارہرہ مقدسہ کے کانفرنس ہال میں ایک بابرکت، علمی و روحانی محفل کا انعقاد کیا گیا، جس کا مقصد انہی دونوں بزرگوں کی بارگاہ میں خراجِ عقیدت پیش کرنا تھا۔
اس بابرکت محفل میں جامعہ کے تمام اساتذہ کرام اور طلبہ ذوی الاحترام نے شرکت کی سعادت حاصل کی اور خوب روحانی فیض حاصل کیا۔
یہ محفل پاک مربئ نادر روزگار صاحب جود و نوال حضرت سید شاہ نجیب حیدر نوری برکاتی مدظلہ العالی کی زیر سرپرستی منعقد ہوئی، اور اس کی نگرانی استاذِ محترم شیخ محمد عرفان ازہری دامت برکاتہم العالیہ نے فرمائی۔
محفل کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جس کے بعد متعلمِ جماعت ثالثہ محمد اکرم رضا نے نعتِ رسول ﷺ پیش کی۔
پھر محمد صدام حسین نے نعتیہ کلام سے دلوں کو منور کیا، اور بعد ازاں محمد اظہار احسنی متعلم جماعت رابعہ نے اولیائے کاملین کے اوصاف اور ان کی پہچان کے موضوع پر پُر مغز گفتگو کی۔

جامعہ کے سینئر استاد، فاضلِ اجل مفتی محمد عمار خان امجدی شامی صاحب قبلہ زادہ اللہ علما و ورعا نے قرآن و حدیث کی روشنی میں ایک بصیرت افروز بیان فرمایا۔
آپ نے حضرت سید شاہ حمزہ عینی قدس سرہ اور حضور مفتی اعظم ہند علیہ الرحمہ کے علم، روحانیت، اور دینی تصلب کا تذکرہ کیا۔
آخر میں ہمارے مربی و محسن ، شفیق العلماء والطلباء حضرت سید شاہ نجیب حیدر نوری مدظلہ العالی نے اپنے روحانی کلمات سے محفل کو معنویت بخشی۔
حضرت نے بالخصوص حضرت شاہ محمد حمزہ عینی قدس سرہ السامی کے روحانی مقام و مرتبہ پر روشنی ڈالتے ہوئے طلبہ کو ان کے نقشِ قدم پر چلنے کی ترغیب دی۔
پھر حضور مفتی اعظم ہند علیہ الرحمہ کی سیرت و خدمات کو بیان فرمایا اور فرمایا: ” میرے بچو! آنکھیں بند کر کے کسی کے مرید نہ بنو، پہلے علم حاصل کرو، پھر جانچو، پرکھو، اور جب دل مطمئن ہو تو کسی مرشد کا ہاتھ تھامو۔ خانقاہ برکاتیہ کی ہمیشہ یہی تعلیم رہی ہے کہ کسی پر مرید ہونے کا دباؤ نہ ڈالا جائے۔ جامعہ احسن البرکات میں آپ تعلیم کے لیے آئے ہیں، دلجمعی کے ساتھ علم حاصل کریں، اور بعد میں جس شیخ سے روحانی تعلق قائم کرنا چاہیں،یہ دل کا سودا ہے جس سے دل مطمئن ہو اسی کے ہاتھ میں ہاتھ دیں ،اللہ تم سب کو اچھا رکھے ،
حضرت بالا تبار دامت برکاتہم العالیہ نے طلبہ حق میں خصوصی دعائیں فرمائیں، اپنے مشائخ و اکابرین کا تذکرہ کرتے ہوئے محبت بھرے روحانی لمحات عطا کیے۔
اس محفل کے حاضر باش اس بات کو بخوبی جانتے ہیں کہ یہ محفل محض ایک رسمی یا تعلیمی تقریب نہیں تھی، بلکہ روحانیت، علم، اور تربیت کا حسین امتزاج تھی۔
یہ مجالس ہمیں یاد دلاتی ہیں کہ علم کا مقصد صرف معلومات حاصل کرنا نہیں بلکہ خود کو سنوارنا، باطن کو پاک کرنا، اور سلوک و حقیقت کی طرف بڑھنا ہے۔
سیدی سرکار رفیق ملت دام ظلہ الاقدس نے ہم طلبا کی تربیت کے پیش نظر حضرت جنید بغدادی رضی اللہ تعالی عنہ کی زندگی کا ایک واقعہ بھی بیان فرمایا اور ساتھ ہی ساتھ صفاۓ قلبی اور تزکیۂ نفس پر زور دیتے ہوئے آپ نے ارشاد فرمایا : ” کہ جب سویا کرو تو دل ہر طرح کے کینہ ،حسد ، اور بغض سے پاک و صاف کر کے سویا کرو تاکہ موت واقع ہو تو اللہ پاک سے اس حال میں ملو کہ تمہارا دل تمام کدورتوں اور گندگیوں سے پاک و صاف ہو، کسی کی برائی اور غیبت سے بچا کرو”۔
اللہ تعالی آپ کا سایہ شفقت سلامت رکھے بلا شبہ طلباء کرام کے ساتھ آپ کا حسن معاملہ اور ان سے محبت اس کمال کو پہنچی ہوئی ہے کہ آپ ارشاد فرماتے ہیں : میرے پیارے بیٹو ! آپ کو دیکھ کر دل بہت خوش ہوتا ہے ، طبیعت اچھی ہو جاتی ہے، بیماری کے باوجود بیماری کا احساس نہیں ہوتا کیونکہ آپ حضرات مہمان رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ہیں اللہ سے امید ہے کہ آپ لوگ ہماری بخشش کے ذریعہ ہوں گے ۔ اللہ أکبر
راقم محمد واحدی اللہ کریم کی بارگاہ دعا گو ہے کہ رب قدیر جل مجدہ ، جملہ شہزادگان خاندان برکات خصوصا محسنی و مربی ابا حضور سید شاہ نجیب حیدر نوری قادری برکاتی دام ظلہ العالی، میرے تمام اساتذہ کرام دامت برکاتہم العالیہ ،مادر علمی جامعہ احسن البرکات کو ہمیشہ ہمیش اپنی اسی روشن روایت، اور علمی و روحانی قدروں کے ساتھ قائم و دائم رکھے، خانقاہ برکاتیہ کا فیضان ہمیشہ جاری و ساری رہے، اور ہم سب کو اپنے بزرگوں کے علم و عمل، تقویٰ و روحانیت کے راستے پر چلنے کی توفیق نصیب ہو۔
آمین بجاہِ سید المرسلین صلی اللہ علیہ وآلہ

admin@alnoortimes.in

About Author

Leave a comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

You may also like

خبرنامہ

لاس اینجلس میں جنگل کی آگ سے بڑے پیمانے پر تباہی، اموات کی تعداد 24ہوئی، امدادی کوششیں جاری

امریکہ کی ریاست کیلی فورنیا کے شہر لا اینجلس میں ایک ہفتے سے لگی بھیانک آگ مزید 8 جانیں نگل
خبرنامہ

چین کبھی بھی امریکہ کو پیچھے نہیں چھوڑ سکتا

واشنگٹن(ایجنسیاں) صدر بائیڈن نے پیر کو خارجہ پالیسی پر اپنی آخری تقریر میں بڑا دعویٰ کیا۔ انھوں نے اپنی تقریر