روہتک میں لرزہ خیز واردات: کانگریس رہنما ہیمانی نروال کا قتل

روہتک کے سانپلا میں کانگریس رہنما ہیمانی نروال کی لاش ایک سوٹ کیس میں برآمد ہوئی، جنہیں گلا گھونٹ کر قتل کیا گیا تھا۔ پولیس نے تحقیقات کے لیے پانچ ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں، جبکہ کانگریس رہنماؤں نے منصفانہ تحقیقات اور مجرموں کو سخت سزا دینے کا مطالبہ کیا ہے۔
روہتک کے سانپلا قصبے میں یکم مارچ کی صبح بس اسٹینڈ کے قریب ایک نیلے رنگ کا لاوارث سوٹ کیس نظر آیا۔ راہگیروں کی اطلاع پر پولیس موقع پر پہنچی اور جب سوٹ کیس کھولا گیا تو اندر ایک نوجوان خاتون کی لاش ملی، جس کا گلا چنّی سے بندھا تھا اور ہاتھوں پر مہندی کے نشان تھے۔
بعد ازاں پولیس نے تصدیق کی کہ یہ لاش کانگریس رہنما ہیمانی نروال کی ہے، جن کی کئی تصاویر کانگریس کے سرکردہ رہنماؤں کے ساتھ دیکھی گئی ہیں۔ پولیس نے قتل کی تحقیقات کے لیے پانچ ٹیمیں تشکیل دی ہیں اور جائے وقوعہ کے آس پاس کے سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج اور ان کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی جانچ کی جا رہی ہے۔ تاہم، جہاں لاش ملی، وہاں کوئی کیمرہ نصب نہ ہونے کی وجہ سے پولیس کو مشکلات کا سامنا ہے۔
ہیمانی نروال کانگریس کی ایک متحرک کارکن تھیں اور ‘بھارت جوڑو یاترا’ سمیت پارٹی کے بڑے پروگراموں میں سرگرم رہتی تھیں۔ کانگریس رہنماؤں نے ان کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے ایس آئی ٹی کے ذریعے منصفانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔ پولیس ہر ممکن زاویے سے تحقیقات کر رہی ہے اور جلد ہی معاملے کا انکشاف متوقع ہے۔
بھوپندر سنگھ ہڈا نے سوشل میڈیا پر اس واقعے کو انتہائی افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ قتل ریاست میں امن و امان کی خراب صورتحال کو ظاہر کرتا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت فوری طور پر متاثرہ خاندان کو انصاف دلائے اور مجرموں کو سخت سے سخت سزا دی جائے۔