شعیب رضانظامی فیضی کو’امام احمد رضا ایوارڈ‘سے سرفراز کیا گیا

سدھارتھ نگر(پریس ریلیز)
گزشتہ شب مرکزی دینی ادارہ دارالعلوم امام احمد رضا، بندیشرپور، پوسٹ اسکا بازار، ضلع سدھارتھ نگر میں منعقدہ سلور جبلی پیامِ حق کانفرنس و جلسۂ دستار بندی کے بابرکت موقع پر، ملک بھر سے تشریف لائے جید علما، نامور مشائخ اور ممتاز شخصیات کی موجودگی میں جواں سال عالم دین، مایہ ناز مصنف، فاضل نوجوان، حضرت مولانا مفتی شعیب رضا نظامی فیضی ایڈیٹر سہ ماہی “نورحق میگزین” گولا بازار، گورکھپور کو ان کی ہمہ جہت خدمات خصوصاً علمی و تصنیفی میدان میں گرانقدر کارناموں کے اعتراف میں “امام احمد رضا ایوارڈ” سے نوازا گیا۔
قابل ذکر بات یہ ہے کہ محض ۲۸ سال کی عمر میں اس باوقار اعزاز سے سرفراز ہونے والے مفتی شعیب رضا نظامی فیضی اس ایوارڈ کی بیس سالہ تاریخ میں سب سے کم عمر شخصیت ہیں، جنہیں یہ اعزاز حاصل ہوا۔
مولانا موصوف اب تک دو درجن سے زائد علمی و ادبی کتابوں کے مصنف و مؤلف کے طور پر اپنی پہچان قائم کر چکے ہیں۔ آپ بیک وقت ایک فعال صحافی، صاحب طرز ادیب اور قصبہ گولا بازار، ضلع گورکھپور کے قاضی شہر کی ذمہ داری بھی بحسن و خوبی نبھا رہے ہیں۔
اس پُروقار تقریب کے دوران مفتی موصوف کی تازہ ترین تصنیف “علامہ صاحب علی چترویدی: حیات و خدمات” کا بھی باقاعدہ اجرا عمل میں آیا۔ یہ کتاب ان کے عظیم استاذ ومربی، حضرت مولانا صاحب علی صاحب چترویدی قبلہ کی علمی و تدریسی خدمات پر ایک خراجِ عقیدت ہے، جنہوں نے دارالعلوم امام احمد رضا، بندیشرپور میں ۲۵ سالہ تدریسی خدمات انجام دیں اور ان شاءاللہ العزیز تاحیات اسی ادارہ سے منسلک رہ کر دین و سنیت کی عظیم خدمات کی انجام دہی کے ساتھ تعلیم وتعلم کی نشرواشاعت میں مصروف رہیں گے-
تقریب کے دوران ملک و ملت کی متعدد جلیل القدر علمی و روحانی شخصیات کو بھی ان کی نمایاں خدمات پر امام احمد رضا ایوارڈ سے نوازا گیا۔ جن میں حضرت علامہ محمد اسماعیل ہاشمی، شیخ الحدیث دارالعلوم اہل سنت فیض الرسول، براؤں شریف،حضرت علامہ مبارک حسین مصباحی، ایڈیٹر ماہنامہ اشرفیہ، مبارک پور،حضرت علامہ الحاج عبدالرب نعیمی، سابق صدرالمدرسین، جامعہ مظفرالعلوم، سرسیا،حضرت علامہ مفتی مختار الحسن بغدادی، شیخ الحدیث دارالعلوم نورالحق، چرہ محمد پور، فیض آباد ایودھیا،حضرت علامہ مفتی ابوالحسن مصباحی امجدی، صدر مفتی جامعہ امجدیہ، گھوسی، مئو،حضرت علامہ مولانا جمال احمد اشرفی فیضی، بانی دارالعلوم مخدوم سمناں، ممبرا، مہاراشٹر اور پیر طریقت حضرت علامہ سید سہیل احمد قادری مصباحی، خانقاہ اسحاقیہ، بلسڑھ شریف، نوگڑھ شامل ہیں-اس اہم اور تاریخی اجلاس کی مکمل معلومات ادارے کے معزز استاذ، حافظ شاہ عالم رضوی نے ذرائع ابلاغ کو پریس ریلیز کے ذریعہ فراہم کیں