ریزو بینک نے شرح سود میں کمی کا اعلان کر دیا

ریزو بینک آف انڈیا نے ریپو ریٹ میں 0.25 فیصد کمی کر کے اسے 6 فیصد کر دیا ہے، جس سے قرض سستے اور عوام کی EMI کم ہونے کا امکان ہے۔
ریزو بینک آف انڈیا نے عام شہریوں کو بڑا ریلیف دیتے ہوئے شرح سود میں 0.25 فیصد کمی کر دی ہے۔ اب ریپو ریٹ 6.25 فیصد سے کم ہو کر 6 فیصد ہو گئی ہے۔ یہ فیصلہ ریزو بینک کی مانیٹری پالیسی کمیٹی کی تین روزہ میٹنگ کے بعد کیا گیا، جس کے اختتام پر آج صبح گورنر سنجے ملہوترا نے اس کا اعلان کیا۔گورنر نے بتایا کہ مانیٹری پالیسی کمیٹی نے متفقہ طور پر شرح سود میں کمی کا فیصلہ کیا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ پالیسی کا مجموعی رویہ بھی بدلا گیا ہے۔ پہلے اسے “غیر جانب دار،، رکھا گیا تھا، لیکن اب اسے “لچکدار” کر دیا گیا ہے تاکہ ملکی معیشت کو مزید تقویت دی جا سکے اور اقتصادی سرگرمیوں کو بڑھاوا ملے۔
انھوں نے کہا کہ موجودہ مالی سال کا آغاز ایسے وقت پر ہوا ہے جب عالمی سطح پر کئی چیلنجز موجود ہیں، خاص طور پر امریکہ کی جانب سے درآمدی محصولات میں اضافے جیسے اقدامات۔ اس کے باوجود بھارتی معیشت مضبوطی کے ساتھ ترقی کے سفر پر گامزن ہے اور ریزو بینک حالات پر مسلسل گہری نظر رکھے ہوئے ہے۔ریپو ریٹ میں کمی کا براہ راست فائدہ عوام کو ہوگا، کیوں کہ بینک اب مرکزی بینک سے کم شرح پر قرض حاصل کریں گے، جس کا اثر ہوم لون، پرسنل لون اور کار لون کی قسطوں (EMI) پر پڑے گا۔ قسطیں کم ہو سکتی ہیں، جس سے عام آدمی کو مالی لحاظ سے سہولت ملے گی۔
یہ مسلسل دوسرا موقع ہے جب ریپو ریٹ میں کمی کی گئی ہے۔ اس سے قبل فروری میں بھی 0.25 فیصد کی کمی ہوئی تھی، جب ریپو ریٹ 6.5 فیصد سے گھٹ کر 6.25 فیصد کی گئی تھی۔ریپو ریٹ وہ شرح سود ہے جس پر ریزو بینک، تجارتی بینکوں کو قلیل مدتی قرض فراہم کرتا ہے۔ جب یہ شرح کم ہوتی ہے تو بینکوں کے لیے قرض لینا سستا ہو جاتا ہے جس کا اثر عام صارفین کو دیے جانے والے قرضوں پر بھی پڑتا ہے۔ نتیجتاً عوام کو کم سود پر قرض ملتا ہے اور مالی بوجھ میں کمی آتی ہے۔