راہل گاندھی کا الزام:ووٹرلسٹ میں گھپلا،الیکشن کمیشن بی جے پی کا ہتھیار

راہل گاندھی نے الزام لگایا کہ الیکشن کمیشن بی جے پی کے لیے کام کر رہا ہے، مہاراشٹرا کے بعد اب بہار میں ووٹر لسٹ میں گڑبڑی کی تیاری ہو رہی ہے۔
کانگریس کے رکن پارلیمنٹ اور لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر، راہل گاندھی نے جمعہ کے روز الیکشن کمیشن اور بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔اوڑیشہ کے بھونیشور میں ایک جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن اب بی جے پی کا “ایک عضو” بن کر کام کر رہا ہے۔ راہل گاندھی نے دعویٰ کیا کہ مہاراشٹرا میں لوک سبھا اور اسمبلی انتخابات کے درمیان ایک کروڑ نئے ووٹرز لسٹ میں شامل کر دیے گئے، لیکن آج تک یہ واضح نہیں ہو سکا کہ یہ ووٹرز کون تھے اور کہاں سے آئے۔
ان کا کہنا تھا کہ “جس طرح مہاراشٹرا میں ووٹرز کے معاملے میں گڑبڑی کی گئی، اسی طرح کی چال بی جے پی اب بہار میں دہرانے جا رہی ہے۔”واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے جمعرات کو بہار میں ووٹر لسٹ کی خصوصی نظرثانی (Special Intensive Revision) کے عمل پر روک لگانے سے انکار کر دیا ہے۔ بہار میں آنے والے مہینوں میں اسمبلی انتخابات متوقع ہیں۔عدالت میں اس معاملے پر فریقین کی طرف سے اہم دلائل بھی پیش کیے گئے، جن میں ووٹر لسٹ میں شفافیت، قانونی حیثیت اور انتخابی عمل کے منصفانہ ہونے پر زور دیا گیا۔