خبرنامہ

راہل گاندھی: خاتون ڈاکٹر کی خودکشی نہیں، ادارہ جاتی قتل

ممبئی ۔ مہاراشٹر کے ضلع ستارا میں ایک خاتون ڈاکٹر کی مبینہ خودکشی کے معاملے پر لوک سبھا میں قائدِ حزبِ اختلاف راہل گاندھی نے شدید ردِعمل ظاہر کرتے ہوئے اسے “خودکشی نہیں بلکہ ادارہ جاتی قتل” قرار دیا ہے۔راہل گاندھی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم “ایکس” (سابق ٹوئٹر) پر لکھا کہ “مہاراشٹر کے ستارا ضلع میں جنسی زیادتی اور ہراسانی سے تنگ آکر ایک خاتون ڈاکٹر نے اپنی جان لے لی۔ یہ کسی بھی مہذب سماج کی روح کو جھنجھوڑ دینے والی المیہ کہانی ہے۔ ایک باصلاحیت اور خدمت کے جذبے سے سرشار بیٹی، جو دوسروں کا درد مٹانا چاہتی تھی، وہی بدعنوان نظام اور طاقت کے نشے میں بدمست عناصر کے ظلم کا شکار بن گئی۔”
انہوں نے الزام لگایا کہ “جنہیں عوام کی حفاظت کی ذمے داری دی گئی تھی، انہوں نے ہی اس معصوم کے ساتھ بدترین ظلم کیا۔ اس کے ساتھ ریپ اور مسلسل استحصال ہوا۔” راہل گاندھی کے مطابق یہ محض ایک ذاتی سانحہ نہیں بلکہ ریاستی سطح پر سرایت کر جانے والی کرپشن اور طاقت کے غلط استعمال کی خوفناک مثال ہے۔کانگریس رہنما نے مزید کہا کہ “رپورٹس کے مطابق، بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) سے وابستہ کچھ بااثر افراد نے اس خاتون ڈاکٹر پر بدعنوانی کے لیے دباؤ ڈالنے کی کوشش کی تھی۔ یہ اقتدار کے تحفظ میں پلنے والی مجرمانہ سوچ کی انتہائی شرمناک شکل ہے۔ یہ خودکشی نہیں، بلکہ ادارہ جاتی قتل ہے۔”
واقعہ رواں ہفتے جمعرات کے روز ستارا کے پھلٹن علاقے میں پیش آیا، جہاں ایک خاتون ڈاکٹر کی لاش ایک ہوٹل کے کمرے سے ملی۔ پولیس کو موقع سے ایک مبینہ خودکشی نوٹ بھی برآمد ہوا ہے جس میں خاتون نے ایک پولیس افسر اور دوسرے شخص پر ریپ سمیت سنگین الزامات عائد کیے ہیں۔مقامی ذرائع کے مطابق، کیس میں ملوث پولیس سب انسپکٹر گوپال بدنے، جو واقعے کے بعد فرار تھا، نے ہفتے کے روز خود پھلٹن پولیس اسٹیشن میں سرنڈر کر دیا۔ پولیس حکام نے تصدیق کی ہے کہ اس سے تفتیش جاری ہے، تاہم مزید تفصیلات تاحال ظاہر نہیں کی گئیں۔یہ واقعہ مہاراشٹر میں خواتین کی حفاظت، پولیس نظام کی شفافیت اور طاقت کے غلط استعمال کے حوالے سے سنگین سوالات کھڑے کر رہا ہے۔ سیاسی حلقوں میں اس معاملے پر شدید ردِعمل دیکھنے میں آرہا ہے، جبکہ عام شہریوں نے بھی سوشل میڈیا پر خاتون ڈاکٹر کے لیے انصاف کا مطالبہ کیا ہے۔
(خودکشی ایک سنگین نفسیاتی اور سماجی مسئلہ ہے۔ اگر آپ ذہنی دباؤ یا مایوسی کا شکار ہیں تو بھارت حکومت کی “جیون ساتھی” ہیلپ لائن 18002333330 پر مدد حاصل کی جا سکتی ہے۔ اپنے اہلِ خانہ اور دوستوں سے بات کریں ۔ آپ اکیلے نہیں ہیں۔)

admin@alnoortimes.in

About Author

Leave a comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

You may also like

خبرنامہ

لاس اینجلس میں جنگل کی آگ سے بڑے پیمانے پر تباہی، اموات کی تعداد 24ہوئی، امدادی کوششیں جاری

امریکہ کی ریاست کیلی فورنیا کے شہر لا اینجلس میں ایک ہفتے سے لگی بھیانک آگ مزید 8 جانیں نگل
خبرنامہ

چین کبھی بھی امریکہ کو پیچھے نہیں چھوڑ سکتا

واشنگٹن(ایجنسیاں) صدر بائیڈن نے پیر کو خارجہ پالیسی پر اپنی آخری تقریر میں بڑا دعویٰ کیا۔ انھوں نے اپنی تقریر