یومِ آزادی سے قبل صدر کا قوم سے خطاب

صدر مرمو نے یومِ آزادی سے قبل قوم سے خطاب میں ’آپریشن سندور‘ کو تاریخی قرار دیا، تعلیم، خلائی مشن اور کھیلوں پر زور دیا۔
صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے یومِ آزادی کی تقریب سے ایک روز قبل قوم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پہلگام دہشت گرد حملے کے بعد بھارت کی تیز اور فیصلہ کن کارروائی “آپریشن سندور” دہشت گردی کے خلاف جدوجہد میں ایک تاریخی مثال کے طور پر یاد رکھی جائے گی۔جمعرات کو اپنے خطاب میں انھوں نے اپریل میں پہلگام میں بے گناہ شہریوں پر ہونے والے حملے کو بزدلانہ اور مکمل طور پر غیر انسانی قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ آپریشن سندور کو عزم و حوصلے کے ساتھ کامیابی سے مکمل کیا گیا اور یہ ثابت کر دیا کہ بھارتی مسلح افواج ہر حال میں ملک کے دفاع کے لیے تیار ہیں۔صدر مرمو نے کہا کہ یہ کارروائی دہشت گردی کے خلاف انسانیت کی جنگ میں تاریخ کا حصہ بنے گی۔ پہلگام حملے کے بعد قوم نے اتحاد کا مظاہرہ کیا، جو اُن عناصر کے لیے بہترین جواب تھا جو ہمیں تقسیم کرنا چاہتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا نے دیکھ لیا ہے کہ بھارت جارحیت نہیں کرتا، لیکن اپنے شہریوں کے دفاع کے لیے جوابی اقدام کرنے میں کبھی ہچکچاہٹ نہیں دکھاتا۔
انھوں نے آپریشن سندور کو دفاعی شعبے میں آتم نربھر بھارت مشن کا ایک اہم امتحان قرار دیا اور کہا کہ اس کا کامیاب نتیجہ ظاہر کرتا ہے کہ ملک صحیح سمت میں آگے بڑھ رہا ہے۔صدر جمہوریہ نے تعلیم، مہارت اور اقدار کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ قومی تعلیمی پالیسی 2020 نے دور رس تبدیلیاں پیدا کی ہیں، جو تعلیم کو اقدار کے ساتھ اور مہارت کو روایت کے ساتھ جوڑتی ہیں۔ نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع تیزی سے بڑھ رہے ہیں اور حکومت نے اُن کے لیے موزوں ماحول فراہم کیا ہے جو کاروباری خواب دیکھتے ہیں۔انھوں نے ملک کے خلائی پروگرام میں ترقی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ شبھانشو شکلا کا بین الاقوامی خلائی اسٹیشن کا سفر پوری نسل کے لیے بڑے خواب دیکھنے کی تحریک ہے اور یہ آئندہ انسانی خلائی مشن “گگن یان” کے لیے نہایت مددگار ثابت ہوگا۔کھیلوں میں نوجوانوں کی کارکردگی پر فخر کا اظہار کرتے ہوئے صدر مرمو نے کہا کہ شطرنج میں آج بھارتی نوجوانوں کا غلبہ پہلے کبھی نہیں دیکھا گیا۔ انھیں یقین ہے کہ قومی کھیل پالیسی 2025 کے تحت جلد ہی بھارت کو عالمی کھیل طاقت بنانے والے نتائج سامنے آئیں گے۔