محکمہ ڈاک کانیاقدم۔گیان پوسٹ؛ کے نام سے کتب کی مخصوص سروس کاآغاز

محکمہ ڈاک کا نیا اقدام “گیان پوسٹ” علمی و فکری کتب کی ارزاں ترسیل کے ذریعے ملک میں علم و شعور کا فروغ ممکن بنا سکتا ہے۔
محکمہ ڈاک نے ایک اہم اور خوش آئند اقدام کے تحت ’’گیان پوسٹ‘‘ کے نام سے ایک نئی اور مخصوص ڈاک سروس کا آغاز کیا ہے، جو تعلیمی، ثقافتی، سماجی اور مذہبی نوعیت کی کتب و مطبوعات کی سستی، مؤثر اور وسیع تر ترسیل کو ممکن بنائے گی۔یہ نئی سروس ملک بھر کے تمام ڈاک خانوں کے ذریعے دستیاب ہے اور اس کا مقصد علم و ادب، مذہب و ثقافت اور سماجی شعور کی ترویج میں سہولت فراہم کرنا ہے۔ اب مصنفین، ناشرین، ادارے اور عام شہری نہایت مناسب قیمت پر علمی و فکری مواد ارسال کر سکیں گے۔
کرایہ جاتی تفصیل حسبِ ذیل ہے:
300 گرام تک کے کتابی پارسل کی ترسیل صرف روپے 20 میں ہوگی۔
جب کہ 5 کلوگرام تک کے پارسل کے لیے زیادہ سے زیادہ کرایہ روپے 100 مقرر کیا گیا ہے (ٹیکس اس کے علاوہ ہوں گے)۔
اس سروس کو ’’گیان پوسٹ‘‘ کا نام دیا گیا ہے تاکہ یہ واضح کیا جا سکے کہ یہ اقدام خالصتاً علم، بصیرت اور فکری سرمائے کے فروغ کے لیے اٹھایا گیا ہے۔
ماہرین کا تبصرہ:
تعلیمی حلقوں، اشاعتی اداروں، دینی مدارس اور لائبریریوں کی جانب سے اس اقدام کو نہایت سراہا گیا ہے۔ ان کے مطابق یہ سہولت نہ صرف علمی مواد کے تبادلے کو فروغ دے گی بلکہ قوم کے تعلیمی و فکری ارتقا میں بھی مثبت کردار ادا کرے گی۔
ایک علم دوست اقدام:
ایسے وقت میں جب عام صارفین ترسیلی اخراجات سے پریشان رہتے ہیں، ’’گیان پوسٹ‘‘ ایک انقلابی اور عوامی فلاحی اقدام کے طور پر سامنے آیا ہے، جو حکومت کے تعلیمی، ثقافتی اور دینی ترقی کے عزائم کا مظہر ہے۔