پہلگام حملہ: امریکہ کا پاکستان پر دباؤ، کشیدگی کم کرنے کی اپیل

امریکی وزیر خارجہ نے پہلگام حملے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے بھارت پاکستان سے کشیدگی کم کرنے اور مل کر امن کے لیے کام کرنے پر زور دیا، جب کہ وزیراعظم شہباز شریف نے الزامات مسترد کیے اور شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا۔
امریکہ کے وزیر خارجہ مارکو روبیو نے بدھ کے روز پاکستان اور بھارت کے وزرائے خارجہ سے بات چیت کی، جس کا مقصد 22 اپریل کو انڈیا کے زیر انتظام کشمیر کے پہلگام علاقے میں ہونے والے دہشت گردانہ حملے کے بعد پیدا ہونے والی کشیدگی کو کم کرنا تھا۔ امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق، مارکو روبیو نے پاکستان سے اپیل کی کہ وہ اس حملے کی تحقیقات میں تعاون کرے اور انڈیا کے ساتھ کشیدگی کم کرنے کے لئے کام کرے۔
پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے امریکہ کو آگاہ کیا کہ انڈیا نے پہلگام حملے کو پاکستان سے جوڑنے کی کوشش کی ہے، جسے انہوں نے سختی سے مسترد کر دیا۔وزیراعظم نے مطالبہ کیا کہ حملے کی غیر جانبدارانہ اور شفاف تحقیقات کی جائیں۔ انھوں نے امریکہ پر زور دیا کہ وہ بھارت پر دباؤ ڈالے تاکہ وہ اشتعال انگیز بیانات سے گریز کرے اور جنوبی ایشیا میں امن کے لیے ذمہ داری کا مظاہرہ کرے۔مارکو روبیو نے انڈیا سے بھی بات کی اور دونوں ممالک سے خطے میں امن و استحکام کے لیے مل کر کام کرنے کی اپیل کی۔ انھوں نے انڈیا کے ساتھ دہشت گردی کے خلاف تعاون کو مضبوط کرنے کے عزم کا اعادہ کیا اور پاکستان سے کہا کہ وہ اس مسئلے پر براہ راست مذاکرات بحال کرے۔