اوویسی نے تلنگانہ کی فیکٹری میں دھماکے کی تحقیقات کا مطالبہ کیا

تلنگانہ کی فارما فیکٹری میں دھماکے سے 36 افراد ہلاک ہوئے، اسدالدین اویسی نے واقعے کی تحقیقات اور ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین (اے آئی ایم آئی ایم) کے صدر اور رکن پارلیمنٹ اسدالدین اویسی نے تلنگانہ کی ایک دوا ساز فیکٹری میں ہونے والے دھماکے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اس واقعے کی مکمل تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔انھوں نے کہا، “یہ ایک انتہائی افسوسناک اور تکلیف دہ حادثہ ہے۔ حکومت کو چاہیے کہ فوری طور پر اس واقعے کی مکمل جانچ کرائے اور معلوم کرے کہ آخر یہ سانحہ کیوں پیش آیا۔”
اس حادثے میں کم از کم 36 افراد ہلاک ہوئے ہیں، جن میں بعض کا تعلق جھارکھنڈ سے بھی بتایا جا رہا ہے۔ اویسی کے مطابق لاشوں کی شناخت کے لیے ڈی این اے ٹیسٹ کیے جا رہے ہیں۔انھوں نے مزید کہا، “ایسا افسوسناک واقعہ دوبارہ نہیں ہونا چاہیے۔ اگر فیکٹری انتظامیہ کی کوئی کوتاہی سامنے آتی ہے تو قانون کے مطابق سخت کارروائی ہونی چاہیے۔”اویسی نے یہ بھی بتایا کہ تلنگانہ کے وزیراعلیٰ ریونت ریڈی خود جائے وقوعہ پر گئے تھے اور ان کے ساتھ چار وزرا بھی موجود تھے۔ اویسی نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ متاثرہ خاندانوں کو انصاف دلایا جائے اور مستقبل میں اس قسم کے حادثات کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔واضح رہے کہ یہ دھماکہ ریاست کے ضلع سنگاریڈی کے پاسامائلارم صنعتی علاقے میں واقع ایک فارما کمپنی کے کیمیکل رِی ایکٹر میں پیر کی صبح پیش آیا تھا۔