آپریشن سندور: دہشت گردی کے خلاف متحد بھارت کا عزم، جذبہ اور جوش

وزیراعظم مودی نے ‘من کی بات’ میں دہشت گردی کے خلاف قوم کے عزم اور ‘آپریشن سندور’ میں بھارتی فوج کی بہادری کو سراہا، جس نے ملک بھر میں حب الوطنی کی نئی لہر دوڑا دی۔
نئی دہلی: وزیراعظم نریندر مودی نے اتوار کے روز اپنے ماہانہ ریڈیو پروگرام ’من کی بات‘ کے 122ویں ایپی سوڈ میں قوم سے خطاب کرتے ہوئے دہشت گردی کے خلاف ملک کے اتحاد کی تعریف کی۔ انھوں نے کہا کہ آج پورا ملک دہشت گردی کے خلاف نہ صرف غصے سے بھرا ہوا ہے بلکہ اس کے خاتمے کے لیے پُرعزم بھی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمارا یہ عہد ہے کہ ہمیں دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنا ہے۔اپنے خطاب میں وزیراعظم نے ’آپریشن سندور‘ کا ذکر کرتے ہوئے بھارتی افواج کے حوصلے اور کارکردگی کی ستائش کی۔ انھوں نے کہا کہ اس مشن کے دوران ہماری فوج نے جو دلیری اور مہارت کا مظاہرہ کیا، اس پر ہر بھارتی کو فخر ہے۔ جس طرح سے سرحد پار دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا، وہ نہایت شاندار اور قابلِ فخر ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ’آپریشن سندور‘ نے عالمی سطح پر بھی دہشت گردی کے خلاف لڑائی میں ایک نیا اعتماد پیدا کیا ہے۔ یہ صرف ایک فوجی کارروائی نہیں بلکہ ہمارے قومی عزم، حوصلے اور بدلتے ہوئے بھارت کی ایک طاقتور تصویر ہے، جو پورے ملک کو جذبہ حب الوطنی سے بھر دیتی ہے۔
وزیراعظم نے بتایا کہ اس دوران ملک کے مختلف علاقوں میں عوام نے زبردست جوش و خروش کا مظاہرہ کیا۔ کئی شہروں، دیہاتوں اور قصبوں میں لوگ ترنگا ہاتھ میں لے کر سڑکوں پر نکلے اور افواج کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ نوجوانوں کی بڑی تعداد نے سِول ڈیفنس والنٹیئر بننے کے لیے آگے قدم بڑھایا۔ سوشل میڈیا پر اس حوالے سے نظمیں لکھی گئیں، نغمے گائے گئے، اور بچوں نے ایسی پینٹنگز بنائیں جن میں گہرے پیغامات چھپے ہوئے تھے۔مودی نے بتایا کہ وہ حال ہی میں بیكانیر کے دورے پر گئے تھے، جہاں بچوں نے انہیں ایک خوبصورت پینٹنگ تحفے میں دی، جو ’آپریشن سندور‘ سے متاثر تھی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملک کے کئی علاقوں جیسے بہار کے کٹیہار اور اترپردیش کے کشی نگر میں ان دنوں پیدا ہونے والے بچوں کے نام ’سندور‘ رکھے گئے، جو اس مہم کی عوامی مقبولیت اور اثرات کا واضح اظہار ہے۔