نئی دہلی ریلوے اسٹیشن پر بھگدڑ: ۱۵ افراد ہلاک،کئی زخمی

نئی دہلی کے ریلوے اسٹیشن پر رات کو بھگدڑ مچنے سے 15 افراد کی موت ہو گئی اور کئی دیگر زخمی ہو گئے۔ یہ واقعہ اُس وقت پیش آیا جب ہزاروں لوگ مہاکمبھ کے لیے ٹرینوں میں سوار ہونے کی کوشش کر رہے تھے۔
نئی دہلی ریلوے اسٹیشن پر ہفتہ کی رات بھیڑ بھاڑ کے بعد ہونے والی بھگدڑ میں 15 افراد کی موت ہوگئی، جبکہ کئی دیگر زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو علاج کے لیے ایل این جے پی ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ دہلی کے ایل جی وی کے سکسینہ نے X پر ایک پوسٹ میں اموات کی تصدیق کی۔ یہ حادثہ رات تقریباً 10 بجے کے قریب پلیٹ فارم نمبر 13 اور 14 پر اُس وقت پیش آیا جب ہزاروں عقیدت مند پریاگراج مہاکمبھ میں جانے کے لیے ٹرینوں میں سوار ہونے کی کوشش کر رہے تھے۔

دہلی فائر سروس کو ایک ایمرجنسی کال موصول ہوئی، جس کے بعد فوراً 4 فائر بریگیڈ گاڑیاں نئی دہلی ریلوے اسٹیشن پر بھیجی گئیں۔ اس کے علاوہ ایمبولینس بھی حادثے کے مقام پر روانہ کی گئیں۔ ریلوے پولیس اور دہلی پولیس نے زخمیوں کو ایل این جے پی اور لیڈی ہارڈنگ ہسپتال منتقل کیا۔ بھیڑ بھاڑ اور شور شرابے کے باعث نئی دہلی ریلوے اسٹیشن پر ہونے والی اس بھگدڑ کی دعووں کو ریلوے حکام نے مسترد کیا اور کہا کہ یہ واقعہ اُس وقت پیش آیا جب مہاکمبھ کے ہزاروں عقیدت مند پلیٹ فارمز پر جمع ہو گئے تھے۔