یوکرین میں بھارتی دوا ساز کمپنی کے گودام پر میزائل حملہ

یوکرین کے دارالحکومت کیف میں بھارتی دوا ساز کمپنی کے گودام پر روسی میزائل حملے کا دعویٰ سامنے آیا ہے، جس میں ادویات کا ذخیرہ تباہ ہو گیا، جب کہ بھارت کی جانب سے تاحال کوئی ردعمل نہیں دیا گیا۔
یوکرین کے دارالحکومت کیف میں ایک بھارتی دوا ساز کمپنی کے گودام پر روسی میزائل حملے کا دعویٰ سامنے آیا ہے۔ یوکرین میں بھارتی سفارت خانے کے مطابق حملے میں “کوسم فارما” نامی کمپنی کا گودام تباہ ہوا، جہاں بچوں اور بزرگوں کے لیے ادویات کا ذخیرہ موجود تھا۔ یوکرینی حکام نے روس پر بھارتی مفادات کو جان بوجھ کر نشانہ بنانے کا الزام بھی عائد کیا۔
برطانیہ کے سفیر نے بھی کیف میں ایک بڑی دوا ساز کمپنی کے تباہ ہونے کی تصدیق کی، تاہم بھارتی کمپنی کا ذکر نہیں کیا۔ اس واقعے پر تاحال روس، بھارتی حکومت اور متاثرہ کمپنی کی جانب سے کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔”کوسم فارما” ایک بھارتی کمپنی ہے جس کے پیداواری مراکز بھارت اور یوکرین کے شہر سومی میں واقع ہیں۔ یہ کمپنی کئی اقسام کی دوائیں تیار کرتی ہے۔
دوسری جانب روس اور یوکرین کے درمیان جنگ بندی کی کوششیں بھی جاری ہیں۔ امریکی سفارتکار نے حالیہ دنوں میں روسی صدر ولادیمیر پوتن سے ملاقات کی ہے جبکہ برسلز میں یوکرین کے لیے مزید برطانوی فوجی امداد کا اعلان کیا گیا۔
واضح رہے کہ بھارت نے روسی حملوں کی نہ تو مذمت کی ہے اور نہ ہی اقوام متحدہ میں روس کے خلاف قراردادوں کی حمایت کی۔ تاہم، انسانی بنیادوں پر بھارت نے یوکرین کو امدادی سامان بھی فراہم کیا ہے، جس میں ادویات، طبی آلات اور خیمے شامل ہیں۔