بدعنوانی کا بڑا انکشاف، اے سی بی کا کڑا ایکشن

‘آوڈی آپریشن’ میں اے سی بی نے پی ڈبلیو ڈی انجینئر ہری پرساد مینا کو آمدنی سے تقریباً 200 فیصد زائد، لگژری گاڑیوں و جائیداد سمیت 4 کروڑ کی غیرقانونی دولت رکھنے پر گرفتار کیا۔
راجستھان میں اینٹی کرپشن بیورو (ACB) کی جانب سے شروع کیا گیا ’آوڈی آپریشن‘ بدعنوانی کے خلاف ایک بڑے اقدام کے طور پر جاری ہے۔ اسی کارروائی کے تحت اے سی بی نے جے پور کے علاقے دودو میں محکمہ تعمیرات عامہ (PWD) کے ایگزیکٹو انجینئر ہری پرساد مینا کو حراست میں لیا ہے۔ ان پر الزام ہے کہ انہوں نے اپنی قانونی آمدنی سے تقریباً دو گنا زائد، یعنی تقریباً چار کروڑ روپے کی جائیداد بنا رکھی تھی۔
اینٹی کرپشن بیورو کی جانب سے جاری بیان کے مطابق، خفیہ ذرائع اور تفتیش کے بعد یہ انکشاف ہوا کہ مذکورہ افسر نے سرکاری نوکری کے دوران اپنی تنخواہ کے مقابلے میں کہیں زیادہ مہنگی گاڑیاں، جائیدادیں اور دیگر پرتعیش سہولیات حاصل کیں۔ ان کی ملکیت میں دو آوڈی کاریں، ایک اسکارپیو، فورڈ انڈیور، اور ایک رائل انفیلڈ موٹر سائیکل شامل ہے، جن کی مجموعی قیمت تقریباً دو کروڑ روپے بنتی ہے۔ ساتھ ہی ان کی بیرون ملک سیروتفریح اور مہنگے ہوٹلوں میں قیام پر تقریباً 45 لاکھ روپے خرچ کیے جانے کا بھی انکشاف ہوا ہے۔
تحقیقات کے دوران یہ بھی سامنے آیا کہ ہری پرساد مینا نے جے پور میں مہل روڈ پر یونیک ایمپوریئم اور یونیک نیو ٹاؤن میں تین قیمتی فلیٹ خرید رکھے ہیں جن کی مالیت تقریباً ڈیڑھ کروڑ روپے ہے۔ اس کے علاوہ، ضلع دوسہ کے علاقے لالسوٹ کے بگڑی گاؤں میں ان کا ایک عالیشان فارم ہاؤس بھی موجود ہے۔اے سی بی کے مطابق ملزم اور اس کے اہل خانہ کے 19 مختلف بینک کھاتوں میں کروڑوں روپے کا لین دین سامنے آیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق، انہوں نے مختلف بینکوں سے بھاری قرض لے کر گاڑیاں اور جائیدادیں خریدیں اور حیران کن طور پر یہ قرضے بہت قلیل مدت میں ادا بھی کر دیے۔اس معاملے کی تحقیقات جے پور شہر کے ایڈیشنل ایس پی بھوپندر سنگھ کی نگرانی میں جاری ہیں۔ فی الوقت جے پور، دودو اور لالسوٹ سمیت کئی مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔