مہاراشٹر انتخابات 2024: شرد پوار کا چونکا دینے والا دعویٰ

شرد پوار نے انکشاف کیا دو افراد نے اپوزیشن کو 160 نشستیں جتوانے کا دعویٰ کیا، فڑنویس نے بیان پر سوال اٹھائے۔
مہاراشٹر اسمبلی انتخابات 2024 کو لے کر این سی پی (شرد پوار گروپ) کے سربراہ شرد پوار نے ہفتہ کے روز ایک چونکا دینے والا انکشاف کیا۔ انھوں نے بتایا کہ دہلی میں قیام کے دوران دو افراد ان سے ملنے آئے تھے۔ ان لوگوں نے دعویٰ کیا تھا کہ وہ انتخابات میں اپوزیشن جماعتوں کو 288 میں سے 160 نشستیں جتوا سکتے ہیں۔ پوار نے کہا کہ اس ملاقات کے بعد انھوں نے یہ بات کانگریس کے ایم پی راہل گاندھی کو بتائی اور ان دونوں افراد کا راہل سے تعارف بھی کرایا۔ تاہم، راہل نے اس بات کو سنجیدگی سے نہیں لیا اور مشورہ دیا کہ ایسی باتوں پر دھیان دینے کے بجائے عوام سے براہِ راست رابطہ کیا جائے۔یہ بیان ایسے وقت میں آیا ہے جب راہل گاندھی الیکشن کمیشن پر ووٹ چوری کے الزامات لگا رہے ہیں۔ شرد پوار نے مزید کہا کہ چونکہ انھوں نے اس پیشکش کو سنجیدہ نہیں لیا تھا، اس لیے ان افراد کے نام یا رابطہ تفصیلات ان کے پاس موجود نہیں ہیں۔
اس انکشاف پر مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس نے سوال اٹھائے۔ انھوں نے کہا، “پوار صاحب یہ بات اب کیوں کر رہے ہیں جب کہ راہل گاندھی پہلے ہی ای وی ایم میں چھیڑ چھاڑ کے الزامات لگا رہے ہیں؟ پہلے تو پوار نے راہل کے ان دعوؤں کی تائید نہیں کی تھی۔ بھارت میں چاہے کچھ بھی ہو، انتخابات آزاد اور منصفانہ ہوتے ہیں۔ گاندھی ایسی کہانیاں سناتے ہیں جو سلیم جاوید کی اسکرپٹ جیسی لگتی ہیں، اور اب پوار کی باتیں بھی اسی اسکرپٹ کا حصہ معلوم ہوتی ہیں۔”واضح رہے کہ مہاراشٹر اسمبلی انتخابات میں بی جے پی نے 132 نشستیں حاصل کیں، جب کہ اس کی اتحادی شیو سینا نے 57 اور این سی پی نے 41 سیٹوں پر کامیابی حاصل کی۔ بی جے پی کی جیت کے بعد دیویندر فڑنویس کو وزیر اعلیٰ بنایا گیا۔ یہ سیاسی بیانات اور الزامات ریاست میں انتخابی عمل پر ایک نئی بحث کو جنم دے رہے ہیں۔ان دنوں الیکشن کمیشن پر زوردار سوال چھیڑا ہوا ہے۔