بہار میں زمین کے ریکارڈ درست کرنے کے لیے’ریونیو مہا ابھیان‘ کا آغاز

بہار میں ریونیو مہا ابھیان کے تحت کیمپ، دیہاتیوں کو جمع بندی رجسٹر ملے، غلطیوں کی درستگی اور آن لائن سہولت فراہم ہوئی۔
بہار کابینہ کی منظوری کے بعد پورے صوبے میں زمین کے کاغذات کی گڑبڑی ختم کرنے اور پرانے ریکارڈ کو جدید بنانے کے لیے ’’ریونیو مہا ابھیان‘‘ شروع کیا گیا ہے۔ اس مہم کے تحت ہر زمین دار کو ’’جمع بندی‘‘ رجسٹر کی کاپی دی جا رہی ہے تاکہ پرانی خامیوں کو درست کیا جا سکے۔ اسی سلسلے میں گیا ضلع کے بلاک بیلگنج کے گاؤں باجیت پور میں اتوار کے روز پہلا کیمپ منعقد ہوا۔کیمپ میں سیکڑوں دیہاتی اپنے اپنے پلاٹوں کی جمع بندی رجسٹر لینے پہنچے۔ کچھ دیہاتیوں نے اس موقع پر ریکارڈ میں پائی جانے والی غلطیوں کی نشاندہی بھی کی اور درستگی کے لیے فارم جمع کرایا۔ کئی لوگ رجسٹر کی کاپیاں ہاتھوں میں لے کر گاؤں کے چبوترے پر بیٹھے اپنے ریکارڈ دیکھتے ہوئے نظر آئے۔ دیہاتیوں کا کہنا ہے کہ یہ مہم خوش آئند ہے کیونکہ اس سے گاؤں میں زمین سے متعلق پرانے جھگڑے ختم ہونے کی امید ہے۔
گاؤں کے رہائشی اوینیت کمار مشرا نے کہا کہ کیمپ لگا کر جمع بندی کرنے کا طریقہ عام لوگوں کے لیے بہت فائدہ مند ہے۔ ان کے مطابق اب تک ان کی زمین دادا کے نام پر تھی لیکن اس مہم سے نئی نسل کے نام درج ہو جائیں گے۔ اس کے علاوہ تمام ریکارڈ آن لائن ہونے سے خرید و فروخت کے عمل میں بھی آسانی ہوگی۔ انہوں نے بہار حکومت کی اس کوشش کو قابلِ تعریف قرار دیا۔بیلگنج بلاک کے ریونیو افسر گجیندر کمار نے بتایا کہ زمین اصلاحات محکمہ کے تحت چلائے جا رہے اس پروگرام میں ہر رعیّت کو اُس کے ’’مَوضع‘‘ کے مطابق جمع بندی کی کاپی فراہم کی جا رہی ہے۔ پورے بیلگنج بلاک میں کُل 54,771 جمع بندیاں ہیں جن میں سے 26,720 رجسٹر پہلے ہی تقسیم کیے جا چکے ہیں۔ اگر کسی کسان یا زمین مالک کو اپنے ریکارڈ میں کوئی غلطی ملتی ہے تو وہ کیمپ میں تفصیل جمع کرا سکتا ہے۔ محکمہ کی جانب سے ان کی شکایت کی جانچ کی جائے گی اور ضروری اصلاحات کر دی جائیں گی۔
یہ مہم دیہات میں زمین کے تنازعات کم کرنے، ریکارڈ کو شفاف بنانے اور عوام کو قانونی و تجارتی سہولت دینے کے مقصد سے چلائی جا رہی ہے۔ مقامی لوگ امید کر رہے ہیں کہ آن لائن سسٹم کے ذریعے زمین کی خرید و فروخت نہ صرف آسان ہوگی بلکہ مستقبل میں جھگڑوں اور کاغذی دھاندلیوں کا بھی خاتمہ ہو جائے گا۔